ملک میں جاری گندم بحران کی اصل وجہ یہ ہے کہ ۔۔۔وزیر زراعت پنجاب نے ایسی بات کہہ دی کہ جہانگیر ترین بھی پریشان ہو جائیں گے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ ملک میں زراعت کو کبھی بھی سنجیدہ نہیں لیا گیا اور اب پاکستان میں آنے والا زراعت کا بحران گزشتہ حکومت کی وجہ سے ہے،گزشتہ حکومتوں نے شوگر ملوں کو اہمیت دی جس کی وجہ سے زمینوں کا بڑا حصہ گنے کی کاشت میں چلا جاتا ہے جو دوسری فصلوں کو متاثر کرتا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ پاکستان میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ پر گندم کاشت ہوتی ہے جس میں سے صرف 17 فیصد بیج معیاری لگایا جاتا ہے باقی بیچ غیر معیاری ہوتا ہے، کپاس میں 40 فیصد کاشتکار معیاری بیج لگاتے ہیں جبکہ 60 فیصد غیر معیاری بیج ہوتا ہے جس کی وجہ سے فصل زیادہ متاثر ہوتی ہے۔صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ حکومت کسانوں کے لیے کسان کارڈ کا نیا پیکج لا رہی ہے جو ابتدائی طور پر تین اضلاع میں شروع کیا جائے گا،35 لاکھ کسانوں کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے جبکہ 17 لاکھ کسانوں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا،کسان کارڈ میں جو کسان زمین کا مالک ہو گا وہ کارڈ کا حقدار ہو گا،جس میں کسانوں کی انشورنس بھی کی جائے گی۔انہوں نےکہاکہ ہماری زراعت میں سب سےبڑامسئلہ ریسرچ کا ہے جس کی وجہ سے ہم اب بھارت سے بھی بہت پیچھے ہیں ، ہمارے ملک میں ٹریڈیشنل زراعت ہی چلی آ رہی ہے جو فصل کو بہت متاثر کرتی ہے جبکہ کسان میں اعتماد کی بھی بہت زیادہ کمی ہے اور وہ فارمنگ کی طرف جانے سے گھبراتا ہے۔