اپوزیشن کے ساتھ معاہدہ کرنے کیلئے تیارہیں، معاون خصوصی وزیر اعظم
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہاہے کہ ترقی کی راہ پر بڑھنے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ مل کر ایک معاہدہ کرناچاہئے جس کے لئے ہم تیار ہیں، ہم آئین کے تحت ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ سیاسی اکابرین جس موضوع پر بھی بات کریں آئین کو ملحوظ خاطر رکھیں، اگر اپوزیشن کی طرف سے نیک نیتی کامظاہرہ کیا جائے تو ملک ترقی کی راہ پر جلد گامزن ہوسکتا ہے ۔ عمران خان کی ایک خواہش ہے کہ سیاسی جماعتیں آئین کو سامنے رکھیں ، ایک بات جس پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا گیا وہ یہ ہے کہ ہمارے سماجی اور اقتصادی نظام میں ترقی کی راہ پر بڑھنے کیلئے بڑی خامیا ں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی راہ پر بڑھنے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ مل کر ایک معاہدہ کرناچاہئے جس کے لئے ہم تیار ہیں، ہم آئین کے تحت ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔میں اس ہفتے سے اپنی سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کروں گا ۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے ساتھ مسئلہ صرف ایک ہے اوروہ یہ ہے کہ ہم نے جو اتحادیوں سے وعدے کئے تھے ، ان وعدوں کی تکمیل کیلئے حکومت کے پاس مالی وسائل نہیں ہیں اور یہی وجہ سے کہ اتحادی پارٹیاں کہہ رہی ہیں کہ ہم کو آج ہی اتنے ارب مل جائیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اتحادیوں کے خدشات ایک حد تک درست ہیں، ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ فنڈز فراہم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس مسئلے کو بہت جلد حل کریں گے ،ان کاحق ہے کہ وہ بھرپور طریقے سے حکومتی عمل میں حصہ لیں۔