چٹ پٹے اورمزیدارپکوان
رمیشہ الحق ہاشمی
سبزی کا سوپ
اشیاء:
آلو 100گرام
مٹر 100گرام
گوبھی 250گرام
پنیر 100گرام
گوشت 125گرام
ٹماٹر 25گرام
لوبیا 75گرام
چاول 50گرام
پیاز 50گرام
پسی سیاہ مرچ حسب ِ ذائقہ
کارن فلور دو چمچ بڑے
اجینو موتو نصف چمچ
ترکیب:
آلو اور پیاز چھیل کر باریک ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ چاول صاف کر کے پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ گوشت صاف کر کے لمبائی کے رخ ٹکڑے کاٹ لیں اور چھری کی نوک سے اس کو کچوکے لگائیں۔ ٹماٹر اُبال کر چھلکے الگ کریں اور گودا ایک پلیٹ میں نکال لیں۔مٹر کے دانے نکال لیں اور گوبھی چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹیں اور پانی سے دھو لیں۔اس کے بعد ایک برتن میں تمام سبزیاں ڈال کر ساتھ ہی گوشت کے ٹکڑے اور ڈیڑھ لیٹر پانی ڈال کر برتن کو چولہے پر رکھ دیں۔ اوپر ڈھکن دے دیں اور انتہائی تیز آنچ پر اسے پکائیں۔دس منٹ کے بعد اس میں چاول،کارن فلور، اجینو موتو اور پسی ہوئی کالی مرچیں ڈال دیں اور دوبارہ ڈھکن دے دیں۔پندرہ منٹ کے بعد برتن کو آگ سے الگ کریں اور سوپ کو گہرے پیالے میں ڈال کر دستر خوان کی زینت بنائیں۔
٭٭٭٭٭
حلوہ کدو
اشیاء:
حلوہ کدو ایک کلو
چینی آدھا کلو
مغز بادام بارہ عدد
پستہ بارہ عدد
دار چینی آدھی چھٹانک
کیوڑہ ایک بڑا چمچہ
ورق چاندی دو عدد
گھی تین چھٹانک
ترکیب:
حلوہ کدہ چھیل کر اندر سے صاف کر لیں۔اس کے بعد صاف گودے کو کدو کش میں باریک کر لیں، بادام کی گری چھیل لیں۔کدو کش کئے ہوئے حلوہ کو کدو کی پتیلی میں ڈال کر پکنے کے لئے رکھ دیں۔ جب پانی خشک ہو جائے اور کدو گل جائے تو ایک کڑاہی میں ڈال کر گھی کڑا کڑائیں۔
اب اس میں حلوہ کدو ڈال کر بھونیں کہ اس کا رنگ سنہری سا ہو جائے،پھر اس میں چینی ڈال دیں، چینی ڈال کر چمچہ جلدی جلدی چلائیں تاکہ چینی پیندے میں نہ لگ جائے۔بھونتے بھونتے جب چینی کا پانی خشک ہو جائے اور حلوہ کدو گھی چھوڑ دے تو اتار دیں، اب اس میں کیوڑہ ملا کر ڈھانپ دیں۔
ڈش میں نکالنے پر پستہ اور چاندی کے ورق سے سجا دیں۔
٭٭٭٭٭
چاول کی فرنی
اشیاء:
چاول آدھی چھٹانک
دودھ ایک کلو
چینی آدھا پاؤ
کیوڑہ آدھا پاؤ
بادام ایک چھٹانک
پستے آدھی چھٹانک
ورق چاندی حسب ِ ضرورت
ترکیب:
چاول بھگو دیں، پھر انہیں سل پر باریک پیس لیں۔ ان میں تھوڑا دودھ ملائیں اور پتیلی میں ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں۔ چمچے سے مرکب کو مسلسل چلاتی رہیں،تھوڑی دیر بعد اس میں چینی ڈال دیں اور چولہے سے اُتار کر ڈشوں میں نکال دیں۔ اب اس میں چاندی کے ورق لگائیں۔بادام اور پستہ کی ہوائیاں چھڑک کر نوش فرمائیں۔
٭٭٭٭٭
جھینگا اور مچھلی کا سوپ
اشیاء:
جھینگے 125گرام
مچھلی کا گوشت 220گرام
فیونگ ساس ایک چھوٹا چمچ
دودھ 1/2 لیٹر
لیموں کا رس ایک چمچ
کارن فلور 20گرام
لیموں کا چھلکا ایک عدد لیمن
یخنی چار کپ
اجینو موتو ایک چمچ
آبی سلاد چند پتے
سیاہ مرچیں حسب ِ ذائقہ
ترکیب:
جھینگے اور مچھلی کا گوشت صاف کریں اور پانی میں دھو کر ایک طرف رکھ دیں۔کارن فلور دو کپ یخنی میں اچھی طرح گھول کر رکھ لیں،اب سلاد باریک کتر لیں۔پھر ایک برتن میں پانی ڈال کر چولہے پر رکھ دیں۔جب پانی اُبلنے لگے تو اس میں جھینگے اور مچھلی کا گوشت ڈال کر تیز آنچ پر اُبالیں اور نکال کر ٹھنڈے پانی میں ڈال کر ٹھنڈا کریں۔ان میں سے تمام کانٹے احتیاط سے نکال دیں۔ گوشت کو سل پر کچل کر اس میں پسی ہوئی سیاہ مرحیں ملائیں۔اس کے بعد ایک برتن میں یخنی اور لیموں کے چھلکے ڈال کر رکھیں۔تین منٹ بعد اس میں اجینو موتو، دودھ اور فیونگ ساس ڈال دیں اور آنچ درمیانی کر دیں۔دو منٹ کے بعد کچلا ہوا مچھلی کا گوشت ڈالیں اور کفگیر کے ساتھ ملائیں۔تھوڑی دیر بعد اس میں یخنی اور کارن فلور والا آمیزہ شامل کریں اور مکس کر دیں۔چند منٹ تک پکنے دیں، پھر چولہے سے اتارنے سے پہلے لیموں کا رس چھڑک دیں اور آگ سے الگ کر لیں۔اس سوپ کو گہرے پیالے میں ڈال کر اوپر کترا ہوا سلاد ڈال کر پیش کریں۔
٭٭٭٭٭