الخدمت مواخات پروگرام کے تحت چھوٹے کاروبار کیلئے قرضے تقسیم
لاہور)پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن کے مواخات پروگرام کے تحت لاہور میں 24افراد کو چھوٹے کاروبارکے لیے چھوٹے قرضہ جات فراہم کئے گئے۔الخدمت لاہور کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں نیشنل ڈائریکٹرالخدمت فاؤنڈیشن مواخات پروگرام میاں بابر حمید، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور انجینئر احمد حماداور انچارج مرکزی مواخات پروگرام حافظ شیراز احمد سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔اس موقع پر 24مردو خواتین میں قرض ِ حسنہ کی مد میں 10لاکھ 40ہزار روپے تقسیم کئے گئے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میاں بابر حمید نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے مواخات پروگرام کے تحت مستحق اور محنت کش افرادکو سود سے پاک اور اسلامی طریقہ کار کے عین مطابق قرضِ حسنہ فراہم کیا جاتا ہے گزشتہ سال الخدمت مواخات پروگرام کے تحت 853افرادمیں قرض کی مد میں 2کروڑ80لاکھ 6ہزارروپے کی خطیر رقم تقسیم کی گئی۔