ڈبلیو ایس ایس پی کے سی ای او حسن ناصر کا زون اے کا دورہ
پشاور (سٹی رپورٹر) واٹر اینڈ اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر حسن ناصر نے زون اے کا دورہ کیا، جنرل منیجر آپریشن انجینئر ریاض احمد خان اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرنے زون اے کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی اور صفائی صورتحال کا جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ مقررہ کے اہداف حصول اور صارفین کو معیاری خدمات کی فراہمی کے لئے شبانہ روز کوششیں کی جائیں۔ قبل ازیں زونل منیجر انجینئر طارق عزیز نے انہیں زون اے کے آپریشنل وانتظامی امور اور صارفین کو دی جانے والی خدمات بارے بریفنگ دی۔ حسن ناصر نے ڈبلیو ایس ایس پی کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہداف کے حصول کے لئے وسائل کا بہترین استعمال کیا جائے گا، حکومتی اور عوامی سطح پر ڈبلیو ایس ایس پی کارکردگی کا اعتراف کیاجارہا ہے اب تک کی کامیابیاں مینجمنٹ کی رہنمائی، بروقت اقدامات اور عملے کی محنت کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتری کی گنجائش ہر وقت موجود ہوتی ہے، خدمات کے معیار میں مزید بہتری لائی جائے گی، جہاں جہاں مزید محنت کی ضرورت ہے وہاں زیادہ توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے عملے کو یقین دہائی کرائی کہ ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، حقدار کو اس کا جائز حق دیا جائے گا تاہم فرائض کی انجام دہی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے یونین کونسل فقیر آباد میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کی مہم کو سراہا اور کہا کہ اسے مزید علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔