کھیلوں کے فروغ کو ترجیح حاصل ہے، شوکت علی یوسفزئی
پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحصیل سطح پر سپورٹس کمپلیکسز کا قیام اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جس سے صوبے کے لاکھوں نوجوان استفادہ کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور میں شاہین رن فار لائف فٹنس کلب کے افتتاح کے موقع پر نوجوانوں سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں نوجوانوں کے علاوہ شاہین آفریدی، ذاکر خان اور محمد ثاقب بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے سرکاری سطح کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سطح پر بھی اسکی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں میں موجودہ ٹیلنٹ کو ابھار کر عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حیات آباد پشاور اور مردان میں عالمی معیار کے سپورٹس کمپلیکس قائم کئے ہیں، جس میں ہر قسم کے جدید آلات نصب ہیں۔ جبکہ تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر زمیں بھی جدید خطوط پر عالمی معیار کے سپورٹس کمپلیکس قائم کئے گئے ہیں۔اس موقع صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ شاہین فٹنس کلب میں تمام کھلاڑیوں کی ہر قسم کی پروفیشنل ٹریننگ کی سہولیات موجود ہیں۔ اور سٹیٹ آف دی آرٹ آلات نصب کئے گئے ہیں۔