پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے کچھ نہیں ملے گا،گورنرپنجاب
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر پنجاب چودھری سرور کاکہناہے کہ پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے کچھ نہیں ملے گا،پی ڈی ایم انصاف پر مبنی نہیں مرضی کے فیصلے چاہتی ہے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق گورنر پنجاب چودھری سرور سے رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی نے ملاقات کی،صداقت عباسی نے آب پاک اتھارٹی منصوبے کے آغاز پر گورنر پنجاب کو مبارکباددی۔
گورنر پنجاب چودھری سرور کاکہناہے کہ اداروں پر دباؤ بڑھانے کا اپوزیشن کا منصوبہ ایک بار پھر ناکام ہوگا،اداروں کوریموٹ کنٹرول سے چلانے کا دور گزر چکا اب ادارے آزاد ہیں ،اداروں کو سیاسی مداخلت سے مکمل پاک کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔
گورنر چودھری سرور نے کہاکہ پی ڈی ایم انصاف پر مبنی نہیں مرضی کے فیصلے چاہتی ہے،الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کا احتجاج ہوگا اور ختم ہوجائیگا اور کچھ نہیں،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پارٹی چٹان جیسی مضبوط ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملک کو آگے جبکہ اپوزیشن پیچھے لے کر جاناچاہتی ہے،اپوزیشن اپنی بقا کیلئے سیاسی ماحول گرم رکھنا چاہتی ہے۔