بھارت نے برسبین ٹیسٹ 3 وکٹوں سے جیت لیا، سیریز بھی اپنے نام کر لی

بھارت نے برسبین ٹیسٹ 3 وکٹوں سے جیت لیا، سیریز بھی اپنے نام کر لی
بھارت نے برسبین ٹیسٹ 3 وکٹوں سے جیت لیا، سیریز بھی اپنے نام کر لی
سورس:   Twitter

  

برسبین (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم نے 328 رنز کا ہدف حاصل کر کے 3 وکٹوں سے کامیابی کیساتھ سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے، وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے ناقابل شکست 89 رنز بنا کر آسٹریلیا کو 33 سال بعد برسبین میں شکست سے دوچار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق دی گابا برسبین میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں 369 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ مارنوس لابوشین 108 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ میتھیو ویڈ 45، کیمرون گرین 47، ٹم پین 50 اور سٹیو سمتھ 36 رنز بنا سکے۔ 

بھارت کی جانب سے تھنگاراسو نتراجن، شردل ٹھاکر اور واشنگٹن سندر نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد سراج نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 369 رنز کے جواب میں بھارتی کرکٹ ٹیم 336 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور یوں اسے 33 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے شردل ٹھاکر نے سب سے زیادہ 67 رنز بنائے جبکہ واشنگٹن سندر 62، روہت شرما 44، مایانک اگروال 38، اجنکیا ریحانے 37، رشبھ پنت 23 اور چتیشور پجارا 25 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ 

آسٹریلیا کے فاسٹ باﺅلر جوش ہیزل ووڈ نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24.4 اوورز میں 57 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ باﺅلر مچل سٹارک اور پیٹ کومنز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ نتھن لیون ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

پہلی اننگز میں 33 رنز کی برتری کیساتھ دوسری اننگز شروع کرنے والی آسٹریلین کرکٹ ٹیم محض 294 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور یوں بھارت کو جیت کیلئے 328 رنز کا ہدف ملا۔ آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں سٹیو سمتھ نے سب سے زیادہ 55 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ وارنر 48، مارکوس ہیرس 38، کیمرون گرین 37، ٹیم پین 27 اور پیٹ کومنز 28 رنز بنا سکے۔ 

بھارت کی جانب سے محمد سراج نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 73 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شردل ٹھاکر نے چار اور واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

بھارتی کرکٹ ٹیم نے مقررہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ناصرف میچ جیت لیابلکہ سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ بھارت کی جانب سے شوبمان گل 91 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ رشبھ پنت نے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں چتیشور پجارا 56، اجنکیا ریحانے 24 اور واشنگٹن سندر 22 رنز بنا سکے۔ 

مزید :

کھیل -