رشبھ پنت نے مہندرا سنگھ دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا

رشبھ پنت نے مہندرا سنگھ دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا
رشبھ پنت نے مہندرا سنگھ دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

برسبین (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا کے خلاف تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے وکٹ کیپر رشبھ پنت نے دھونی کا ریکارڈ پاش پاش کردیا ہے اور بھارت کی جانب سے تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز بن گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق برسبین ٹیسٹ میں وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے 89 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر جہاں آسٹریلین باﺅلرز کو نڈھال کیا وہی سابق انڈین کپتان دھونی کا ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ رشبھ پنت نے نہ صرف ایک ہزار رنز مکمل کئے بلکہ بھارت کے لیے ٹیسٹ فارمیٹ میں ہزار رنز بنانے والے تیز ترین وکٹ کیپر بلے باز بھی بن گئے۔
اس سے قبل بھارت کی جانب سے بطور وکٹ کیپر ٹیسٹ کرکٹ میں تیزی سے ایک ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ دھونی کے پاس تھا جو انہوں نے 32 اننگز میں حاصل کیا تھا مگر رشبھ پنت نے بطور وکٹ کیپر بلے باز صرف 27 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔ 23 سالہ رشبھ پنت کیلئے آسٹریلیا کا حالیہ دورہ نہایت شاندار رہا جہاں انہوں نے سڈنی میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کو ڈرا کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور 97 رنز بنائے تھے اور آج برسبین ٹیسٹ میں 89 رنز ناٹ آؤٹ کی بہترین اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو شاندار فتح دلوائی۔ 
واضح رہے کہ آج بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان آسٹریلیا کو برسبین ٹیسٹ میں شکست دیتے ہوئے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی تھی، برسبین ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ہی بھارت نے چار میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز دو ایک سے اپنی نام کی بھارت نے برسبین ٹیسٹ میں پہلی بار کینگروز کے خلاف فتح حاصل کی ہے جبکہ 33 سال بعد آسٹریلیا کو برسبین میں شکست ہوئی ہے۔

مزید :

کھیل -