'دینی مدارس کے بچے عاقل اور بالغ ہیں، وہ سیاست میں حصہ لے سکتے ہیں' مولانا فضل الرحمان کا حکومت پر جوابی وار
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور جے یو آئی ف کے سربراہ حکومت کی جانب سے طلباء پرجلسوں میں پابندی پرردعمل دیتےہوئے کہا کہ دینی مدارس عاقل بھی ہیں اور بالغ بھی ہیں وہ کسی بھی جلسے میں جاسکتے ہیں۔
پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتےہوئے مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر سکول کالج کے بچے سیاست میں حصہ لے سکتے ہیں تو مدرسوں کے بچوں کو بھی سیاست میں حصہ لینے کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام قیادت اپنی اپنی جوانی کالج یونیورسٹی دور میں سیاسی جلسوں میں جا کر نعرے لگاتے تھے ایسے ہی مدرسوں کے بچے بھی پاکستانی سیاست اور ملکی آئین کو سیکھنا چاہتے ہیں۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کے ہاتھ سے بندوق چھڑوا کر ان کے ہاتھ میں کتاب دی، انہیں ملکی آئین سمجھایا اور ملک کا وفادار بنایا لیکن عمران خان ان پر پابندی لگا کر ان کو دوبارہ غداری کی جانب دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 21 جنوری کو اسرائیل کے خلاف کراچی میں احتجاج کیا جائے گا پھر 05 فروری کو کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کےلیے بھارت کے خلاف مظاہرہ کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ملک میں اسرائیل اور مرزائیل کے لیے کوئی جگہ نہیں۔