آدمی کا کتا لنگڑانے لگا، علاج پر65 ہزار روپے خرچ کردئیے لیکن اصل بیماری کیا تھی؟ حقیقت سامنے آئی تو کتے کی چالاکی پر دنگ رہ گیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک آدمی کاکتا اچانک لنگڑا کر چلنے لگااور آدمی نے اس کے علاج پر 300پاﺅنڈ (تقریباً 65ہزار روپے)خرچ کر ڈالے لیکن بالآخر ایسی حقیقت سامنے آئی کہ کتے کی چالاکی پر ڈاکٹر بھی حیران رہ گئے۔ میل آن لائن کے مطابق اس آدمی کا نام رسل جونز تھا جو خود بھی حال ہی میں ایک حادثے کا شکار ہو کر زخمی ہو گیا تھا۔ ٹانگ میں چوٹ آنے کی وجہ سے وہ بھی لنگڑا کر چلنے لگا تھا اور اسی دن سے ہی اس کے کتے نے بھی اچانک لنگڑا کر چلنا شروع کر دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق رسل جونز نے کتے کے ایکسریز کروائے مگر ڈاکٹروں کو کتے کی ٹانگ میں کوئی ایسی چیز نہ ملی جسے اس کے لنگڑانے کا سبب قرار دیا جا سکے۔ 300پاﺅنڈ خرچ کرنے کے بعد بالآخر معلوم ہوا کہ دراصل کتا اپنے مالک کے ساتھ ہمدردی کی وجہ سے جان بوجھ کر لنگڑا کر چلنے لگا تھا۔ جب اس کا مالک حادثے میں زخمی ہو کر لنگڑاہٹ کا شکار ہوا، کتے بھی ہمدردی میں اس کی نقل کرنی شروع کر دی۔ لندن کے رہائشی رسل جونز نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے اور کتے کی چالاکی کے متعلق بتایا ہے جس پر انٹرنیٹ صارفین ورطہ حیرت میں مبتلا ہیں۔