پوری دنیا کورونا وائرس سے پریشان لیکن 10 ممالک ایسے بھی ہیں جہاں ابھی تک کورونا کا ایک بھی کیس نہیں
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کی وباءنے پوری دنیا کو پریشان کر رکھا ہے لیکن اب بھی 10ممالک ایسے ہیں جہاں کورونا وائرس کا ایک بھی مریض سامنے نہیں آیا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ دس ممالک پلاﺅ، مائیکرونیشیا، مارشل جزائر، ناورو، کریباتی، سینٹ ہیلینا، ٹوالو، پٹکیرن آئی لینڈز،کک آئی لینڈز اور ٹونگا ہیں۔ ان ممالک میں اگرچہ کورونا وائرس کا تاحال کوئی مریض سامنے نہیں آیا لیکن اس موذی وباءکی وجہ سے ان ممالک میں بھی زندگی اور کاروبار شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے اکثر سیاحتی ممالک ہیں چنانچہ کورونا کی وباءکے باعث ان کی معیشت تباہ حال ہو چکی ہے۔
پلاﺅ کے لگ بھگ تمام ہوٹل خالی پڑے ہیں۔ وہ دکانیں جہاں سے سیاح تحائف خریدتے تھے وہ بھی بندہیں۔ اب صرف وہی ہوٹل کھلے ہیں جنہیں قرنطینہ سنٹرز میں تبدیل کیا گیا ہے۔ دی پلاﺅ ہوٹل کے منیجر برائن لی کا کہنا تھا کہ ”یہاں کا سمندر دنیا کے کسی بھی مقام سے زیادہ خوبصورت ہے۔ یہاں اتنے سیاح آتے تھے کہ وباءسے پہلے ہمارا ہوٹل مہمانوں سے بھرا رہتا تھا لیکن اب ہمارا کام ٹھپ ہو چکا ہے۔ مارشل جزائر کی معیشت کا زیادہ انحصار فش انڈسٹری پر تھا، اس کی درآمدات بند ہونے سے اس ملک کی معیشت بھی زبوں حالی کا شکار ہو چکی ہے۔