پی ڈی ایم کی تنقید کے بعد الیکشن کمیشن بھی میدان میں آگیا، اندر کی بات بتا دی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ کورونا وبا، وکلا کی مصروفیات اور کمیٹی ممبر کی ریٹائرمنٹ کے باوجود پیشرفت ہوئی۔ سکروٹنی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ ہفتے میں تین دن اجلاس منعقد کرے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ڈی ایم کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قومی ادارہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری سے پوری طرح آگاہ ہے، ہم بغیر کسی دباؤ کے اپنی ذمہ داریوں کو جانتے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ فارنگ فنڈنگ کیس پر خاطرخواہ پیشرفت کی ہےاس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ عام انتخابات، سینیٹ انتخابات، بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔