’میں 50 لاکھ سال بعد واپس آﺅں گا‘ وہ 16 لوگ جنہوں نے امر ہونے کے لیے موت کو گلے لگا لیا
ٹوکیو(مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان میں سیاحت کے حوالے سے کئی پرکشش مقامات ہیں تاہم کچھ ایسے مندر بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں جن کے اندر بدھ مت کے ان راہبوں کی حنوط شدہ لاشیں پڑی ہیں جنہوں نے نروان پانے کے لیے موت کو گلے لگا لیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ تاریخی مندر شمالی جاپان کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں۔ ان میں 16راہبوں کی حنوط شدہ لاشیں موجود ہیں جنہوں نے نروان پانے اور امر ہونے کے لیے اس قدر دھیان لگایا کہ فاقے سے موت کے منہ میں چلے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ان راہبوں کی حنوط شدہ لاشیں آج بھی اسی حالت میں موجود ہیں جس حالت میں ان کی موت ہوئی تھی۔ ان میں ایک 9ویں صدی عیسوی کا راہب کوکئی (Kukai)بھی ہے جس کے بارے میں اس کے پیروکاروں کا عقیدہ ہے کہ وہ 50لاکھ سال بعد موت کو دھوکہ دے کر واپس زندگی کی طرف لوٹ آئے گا۔ کہا جاتا ہے کہ جو راہب بھی اس طریقے سے خود کو موت کے منہ میں لیجاتا تھا وہ پہلے تین سال صرف خشک میوہ جات پر زندگی گزارتا تھا اور زندگی کی ہر خوشی کو تج دیتا تھا۔ تین سال کے بعد وہ ہر چیز سے منہ موڑ لیتا اور دھیان لگائے فاقے سے اس دنیا سے رخصت ہو جاتا۔