ہوائی جہاز پر کون سے مشروب آپ کو کبھی نہیں پینے چاہئیں، ایئر ہوسٹس نے مسافروں کو مشورہ دے دیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ہوائی جہاز میں سفر کے دوران آپ کو کون سے مشروب کبھی نہیں پینے چاہئیں؟ ایک امریکی ایئرہوسٹس نے اس حوالے سے سائنسدانوں کو مفید مشورہ دے دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق امریکی ریاست یوٹاہ کی رہائشی اس کیٹ کیمالینی نامی ایئرہوسٹس نے ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں بتایا ہے کہ دوران پرواز مسافروں کو کبھی بھی چائے اور کافی آرڈر نہیں کرنی چاہیے۔
تیس سالہ ایئرہوسٹس کا کہنا تھا کہ ”فضائی سفر کے دوران آپ کو کوئی بھی ایسا مشروب نہیں پینا چاہیے جو کین یا بوتل میں نہ ہو، کیونکہ باقی ہر طرح کے مشروبات میں پانی استعمال ہوتا ہے اورجہازوں کے ٹینکوں میں موجود پانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہوتا ہے۔ یہ ٹینک شاذ و نادر ہی صاف کیے جاتے ہیں۔ چنانچہ جب ان سے چائے اور کافی وغیرہ بنا کر مسافروں کو دی جاتی ہے تو وہ کسی طور پینے کے قابل نہیں ہوتی۔ ہم عملے کے لوگ جہاز میں شاید ہی کبھی چائے یا کافی پیتے ہیں، کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ان میں جو پانی استعمال ہوتا ہے وہ کتنا گندہ ہوتا ہے۔“
