مریم صفدر بتائے ن لیگ نے مودی کی حمایت کے لیے جندال سے کتنے پیسے لیے ؟فرخ حبیب کان لیگی نائب صدر پر جوابی حملہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی پالیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر سے سوال کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم صفدر بتائے ن لیگ نے مودی کی حمایت کے لیے جندال سے کتنے پیسے لیے ؟ ملک دشمن قوتوں کا بیانیہ نواز شریف نے اپنا رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی میاں فرخ حبیب نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی الیکشن کمیشن آفس کے باہر ریلی سے مریم نواز کے خطاب پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کی باتیں کرنے والی مریم کے اپنے والد نواز شریف کے بارے میں بینظیر شہید نے اُسامہ بن لادن سے فارن فنڈنگ لے کر حکومت گرانے کا ذکر کیا ہے، بلاول کو چاہئے مریم صفدر سے اس فارن فنڈنگ کا جواب بھی مانگ لے۔انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ یہ جنرل جیلانی کی نرسری میں پروان چڑھتے ہیں اور اُسامہ بن لادن کے پیسوں سے سیاست کرتے ہیں، مریم صفدر بتائے ن لیگ نے مودی کی حمایت کے لیے جندال سے کتنے پیسے لیے ہیں؟ اسرائیل میں مولانا اجمل قادری کو نواز شریف نے بھیجا تھا ، ملک دشمن قوتوں کا بیانیہ نواز شریف نے اپنا رکھا ہے۔
میاں فرخ حبیب نے کہا کہ بینظیر شہید نے انکشاف کیا تھا کہ نواز شریف نے 1989ءمیں اُسامہ بن لادن سے فارن فنڈنگ لے کرپیپلز پارٹی کی حکومت کیخلاف عدم اعتماد کے لیے پیسہ بانٹا، ن لیگ ، پیپلز پارٹی اورجمعیت علمائے اسلام ف اپنی چوری پر سینہ زوری کررہے ہیں،اِنہیں چاہئے کہ الیکشن کمیشن کو یادداشت پیش کرنے کی بجائے اپنی فنڈنگ کے ذرائع کی رسیدیں جمع کروائیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کو عوام کے ووٹ کا تحفظ کرنا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں دیا جو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے,پاکستان پر مسلط عمران خان نے مقدمے کو ملتوی کرانے کی 30 بار کوشش کی، کون کہتا تھا کہ اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دے دو، آج پی ڈی ایم اور عوام پوچھتے ہیں کہ اگر چوری نہیں کی تو 30 بار مقدمے کو رکوانے کی کوشش کیوں کی؟سکروٹنی کمیٹی تین سال سے تحقیقات کر رہی ہے حالانکہ اتنے واضح اور ہوش اڑا دینے والے حقائق ہیں، جن کا فیصلہ تین سال تو کیا تین دن میں ہوسکتا ہے لیکن تین سال سے یہ سانپ بن کر اس کے اوپر بیٹھے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ 80 سماعتوں کے دوران عمران خان نے کم از کم 24 مرتبہ کارروائی رکوانے کی کوشش کی اور چار مرتبہ درخواستیں دی کہ کارروائی کو خفیہ رکھا جائے، اگر اتنا دامن صاف تھا تو کارروائی کو خفیہ رکھنے کے لیے درخواستیں کیوں دیں؟ اس کا مطلب ہے کہ چوری تو ہوئی ہے اور چوری بھی بہت بڑی ہوئی ہے،عمران خان کے اکاؤئنٹس میں پی ٹی آئی کے اکاؤئنٹس سے پیسہ ہنڈی کے ذریعے آیا، اب پتا چلا کہ یہ کنٹینر پر چڑھ کر عوام کو ترغیب دیتا تھا کہ ہنڈی کے ذریعے پیسہ منگواؤ کیونکہ یہ خود ہنڈی کے ذریعے پیسہ منگواتا تھا، ان کو دو ملکوں بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوتی تھی۔