تین بچوں کی ماں گھر سے لاپتہ، شوہر ڈھونڈنے نکلا تو جنگل سے انتہائی بری حالت میں مل گئی، کیا ہوا تھا؟ افسوسناک تفصیلات
رانچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ میں تین بچوں کی ماں کو چار اوباشوں نے جنگل میں لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تین بچوں کی ماں بازار سے گھر واپس آرہی تھی کہ اسی دوران منوج منڈا نامی اوباش اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ اس کا پیچھا کرنے لگا۔ جب خاتون جنگل کے پاس پہنچی تو چاروں اوباش اسے زبردستی اٹھا کر جنگل میں لے گئے اور زیادتی کا نشانہ بناڈالا، اس صدمے سے خاتون بیہوش ہوگئی تو ملزمان اسے اسی حال میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
دوسری جانب خاتون رات گئے بھی گھر واپس نہ لوٹی تو اس کا شوہر اسے ڈھونڈنے نکلا ، جب وہ جنگل کے پاس پہنچا تو اسے کسی خاتون کے کراہنے کی آواز سنائی دی۔ اس نے جا کر دیکھا تو اس کی بیوی انتہائی نازک حالت میں پڑی تھی، شوہر اسے اٹھا کر گھر لے آیا اور پولیس کو رپورٹ کی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم منوج منڈا کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ باقی تین ملزمان کی تلاش جاری ہے۔