سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کا کیس ، الیکشن کمیشن نے نئی تاریخ دے دی
اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن) الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعوں کی فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کر دی ۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے دو رکنی بینچ نے سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی ، درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ ان کے وکیل ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث حاضر نہیں ہو سکے ، کچھ مہلت دی جائے ۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کر دی ۔
دوسری جانب وزیر مملکت فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ بہت سی سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ ان کے اکاؤنٹس کی پڑتال نہ ہو ، ایسا ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ سیاسی جماعتوں سے سیاسی فنڈنگ کی تفصیلات طلب کی گئی ہوں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ سب کے سامنے ہے جس میں بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ کے کوئی ثبوت نہیں ۔ مریم ، بلاول ، فضل الرحمان بڑھکیں مارتے تھے مگر اب وہ اپنی اپنی فنڈنگ کا حساب دیں ۔