موسم بہار کے بعد گرمی بڑھنے سے انسانی جلد بری طرح متاثر ہوتی ہے، جلد کی دیکھ بھال اور اس کی صحت کا خیال رکھنا یوں تو اہمیت رکھتا ہی ہے تاہم موسم بدلنے پر اسے اور بھی زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی جلد کی صحت و صفائی کے طریقے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موسم میں چکنی جلد والے افراد میں ایکنی کے مسائل جنم لینے لگتے ہیں جس کی وجہ سے سورج کی مضر شعاعوں سے بچنے اور جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے چند مفید طریقے پیش کیے جارہے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ کہ جلد کی قسم کے مطابق فیس واش کا استعمال کریں جو جلد کواچھی طرح سے صاف اور تمام گندگی کو دور کر سکے جبکہ خشک جلد والے افراد نان فومنگ کلینزر استعمال کریں۔ اس کے علاوہ دن میں دو بار کلینز، ٹوننگ اور موئسچرائزنگ کا استعمال جلد کو صاف اور تروتازہ رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اینٹی آکسیڈینٹ سیرم آپ کی جلد کو ہائیڈریٹ کرنے کے لیے حیرت انگیز کام کرتا ہے، اس کے علاوہ یہ جلد کو ماحولیاتی نقصان سے بچانے،کولیجن کو فروغ دینے اور فری ریڈیکلز کو صاف کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
جلد کی صحت میں ہائیڈریشن کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ آپ سوتے وقت کچھ اضافی ہائیڈریشن کے لیے رات کو چہرہ دھونے کے بعد ہائیڈریٹنگ فیس ماسک استعمال کرسکتے ہیں۔ جلد سے اضافی گندگی اور تیل کو دور کرنے کے لیے ہفتے میں کم از کم دو بار فیس سکرب کا استعمال کریں۔
جلد کی قسم کی مناسبت سے سرکلر موشن میں سکرب کو آہستہ سے مساج کریں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ ہونٹوں اور گردن کو بھی ایکسفولیئٹ کریں۔ ساتھ ہی سن سکرین کا استعمال لازمی کریں۔ہلکا میک اپ کریں، بھاری فاؤنڈیشن اور دیگر کاسمیٹکس کے بجائے ٹینٹڈ ہونٹ بام اور ٹینٹڈ موئسچرائزر استعمال کریں جبکہ ایک اچھا ٹونر ہر وقت ساتھ رکھیں۔
آنکھوں کو سورج کی مضر شعاعوں سے بچانے کے لیے ہمیشہ سن گلاسز پہنیں۔ آنکھوں کے نیچے موئسچرائزنگ جیل کا استعمال کریں اور لپ سٹک کے نیچے ایس پی ایف والا لپ بام، ایکسفولیئٹ کے لیے اپنے پیروں کو رگڑیں۔ اپنے پیروں پر بھی سن سکرین اور موئسچرائزر لگائیں، خاص طور پر اگر آپ کھلے پیروں والی سینڈل پہنے ہوئے ہیں۔
اس موسم میں پانی کی مقدار کم از کم 2 سے 3 لیٹر ہونی چاہیے۔ ناریل کا پانی، تربوز اور تازہ جوس ہائیڈریٹ رہنے کا ایک اچھا طریقہ ہے۔ پانی پینے سے جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اپنی خوراک میں دہی اور چھاچھ بھی شامل کریں۔کھانے میں سلاد اور سبزیاں شامل کریں، شوگرسے بھر پور مشروبات سے پرہیز کریں۔
یہ بات ذہن نشین رکھیں کہ انسان کی طبیعت میں شامل ہے کہ وہ دوسروں سے منفرد نظر آنا، خاص طور پر اپنے چہرے کو شاداب، ترو تازہ اور جھریوں سے پاک دیکھنا چاہتا ہے جس کے لیے مردوں کی نسبت خواتین گھروں میں مختلف قسم کے کیمیلز سے بھرپور اشیاء استعمال کرتی ہیں، پھر چاہے وہ مہنگی کریمیں ہوں یا ادویات، فیس ماسکس ہوں یا کوئی سیرم، یہ سوچے سمجھے بغیر استعمال کیے جاتے ہیں کہ ان سے جلد کو نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔ آج ہم آپ کو کچھ ایسے پھلوں اور دیگر اشیاء کے متعلق بتا رہے ہیں جن کے استعمال سے آپ کی جلد خراب ہو گی اور نہ ہی یہ جیب پر بھاری پڑیں گے۔
آملہ: ماہرین کے مطابق آملہ میں قدرت نے خون صاف کرنے کی صلاحیت رکھی ہے، اس سے خون شفاف ہوجاتا ہے جس کے باعث چہرے پر دانے نہیں نکلتے اور نہ ہی داغ دھبے پڑتے ہیں۔ بعض لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ آملہ رنگ صاف کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
کھٹاس والے پھل: کینو، مالٹا، چکوترہ سمیت دیگر کھٹاس والے پھل وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈینٹس سے مالا مال ہوتے ہیں، جو جلد کو جوان رکھنے اور رنگت نکھارنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
سبز چائے: سبز چائے میں استعمال ہونے والی پتی میں تناؤ سے بچاؤ کی خوبی پوشیدہ ہے، سبز چائے کے استعمال سے تناؤ اور تھکاوٹ کے آثار جلد پر مرتب نہیں ہوتے اور جلد ترو تازہ رہتی ہے۔
انار: ایک انار سو بیمار والا محاورہ تو ہر کسی نے سنا ہو گا۔ اس پھل کا شمار بھی کھٹے پھلوں میں ہوتا ہے، انار کو قدرت نے جتنا ذائقہ دار بنایا ہے، اتنی ہی خوبیوں سے بھی مالا مال کیا ہے۔ انار خون میں اضافے کا سبب بنتا ہے اور خراب جلد کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اسٹرابری: اسٹرابری میں اینٹی آکسیڈینٹ کی خوبیاں پائی جاتی ہیں جو انسانی جلد کو بوڑھا ہونے سے بچاتی ہیں،ساتھ ہی وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈینٹ سے بھرپور ہونے کی وجہ سے جلد پر ایک شیلڈ بناتی ہے جو جلد کو نقصانات سے بچاتی ہے۔
سورج مکھی کے بیج: سورج مکھی کے بیجوں میں وٹامن سی، وٹامن ای اور وٹامن بی6 پایا جاتا ہے، یہ بیج اینٹی فنگل اور اینٹی بیکٹیریل ہوتے ہیں جو انفیکشن سے انسانی جلد کو بچاتے ہیں، اسی لیے وہ خواتین و حضرات، جو چاہتے ہیں کہ ان کی جلد کسی قسم کی بیماری سے محفوظ رہے، وہ ان بیجوں کو اپنی غذا میں ضرور شامل کرلیں۔
امرود: اینٹی ایکسیڈینٹ کی خوبیاں ہونے کے باعث یہ پھل نہ صرف جلد کو بوڑھا ہونے سے بچاتا ہے بلکہ جلد پر پڑنے والی جھریوں کو بھی دور کرتا ہے۔ ٭٭٭