ایک دن میں 2500 مجرموں کی سزاؤں میں تخفیف، بائیڈن نے تاریخ رقم کر دی

واشنگٹن(آئی این پی)امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی مدت صدارت کے اختتام کے بالکل قریب تقریباً 2500 افراد کی سزاؤں میں تخفیف کا اعلان کیا ہے جو منشیات سے متعلق غیر سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
غیر ملکی میڈیاکے مطابق و ائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ امریکا کی تاریخ میں ایک دن میں سب سے بڑی معافی کا اعلان ہے۔صدر جو بائیڈن نے واضح کیا کہ یہ تاریخی غلطیوں کی تصحیح کرنے اور استحقاق رکھنے والے افراد کی اپنے گھرانوں میں واپسی کا موقع دینے کے حوالے سے ایک اہم اقدام ہے۔
بائیڈن کے مطابق وہ پیر کے روز ٹرمپ کو اقتدار حوالے کرنے سے پہلے سزاؤں کی تخفیف کے مزید احکامات جاری کر سکتے ہیں۔یاد رہے کہ بائیڈن نے گذشتہ ماہ بھی تقریباً 1500 سزا یافتہ افراد کی سزاؤں میں تخفیف کی تھی۔ ان افراد کو کوویڈ کی وباء کے پھیلاؤ کے دوران نظر بند کیا گیا تھا جب کہ 39 افراد نے غیر سنگین جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔
علاوہ ازیں گذشتہ ماہ امریکی صدر نے وفاقی قوانین کے تحت سزائے موت پانے والے 40 میں سے 37 افراد کی سزا، عمر قید میں تبدیل کردی تھی۔