مریم نواز نے پنجاب کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کا الٹی میٹم دیدیا

Jan 19, 2025 | 12:46 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے پنجاب کی سڑکوں اور تمام مراکز صحت کی تعمیر  و بحالی کا پہلا فیز  30 جون تک مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دیتے ہوئے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ روڈ بحالی پروگرام کے تحت 462 پراجیکٹس کی منظوری کے بعد 455 پر کام شروع ہوگیا ہے۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ روڈ بحالی پروگرام فیز ٹو کے تحت 72 اسکیموں کی منظوری اور 67 پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں مریم نواز نے مالی سال کے آخر تک پنجاب کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت سمیت تمام مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا پہلا فیز مکمل کرنے کا بھی حکم دیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑکو ں کی بحالی اور تعمیر و مرمت سے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے، کھیت تا منڈی سڑک کی تعمیر سے معاشی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینک بننے سے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں میسر ہوں گی، دیہات کے عوام کو پہلی مرتبہ شہروں کے اعلیٰ پرائیویٹ کلینکس کا ماحول ملے گا۔
 

مزیدخبریں