لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات عطارتارڑ نے کہا ہے کہ پوری دنیا نے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ دیکھ لیا،اب تم آؤٹ ہوچکے۔
نجی ٹی وی" دنیا نیوز"کے مطابق لاہور میں اپنے آبائی حلقے میں ترقیاتی کاموں کے جائزے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہر جگہ سے اچھی خبریں آرہی ہیں، پچھلے سال مہنگائی 38فیصد تھی اب 3.9فیصد پر ہے،معیشت کی ترقی کے حوالے سے عالمی ادارے بھی بات کررہے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے، پاکستان پر بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے، آج معیشت گروتھ کی طرف جارہی ہے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا 190ملین پاﺅنڈ کا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مجرم اور اس کے حواریوں کو سزا ہوئی ہے، این سی اے نے پیسہ پاکستان کو دیا ،انہوں نے جیبوں میں ڈال لیا، انہوں نے رشوت کے طور پر 5،5قیراط کی انگوٹھیاں لیں،اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے اب مذہب کا استعمال کررہے ہیں، ان کو شرم آنی چاہئے۔یہ اسلامی ٹچ ،مذہب کارڈ استعمال کرکے جھوٹے بولتے ہیں،یہ مذہب کے پیچھے چھپ کر بچنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، اب جو مرضی کارڈ لے آو، تم پر مہر لگ چکی، تم ایک سرٹیفائیڈ ڈاکو ہو، انہوں نے ملک میں تقسیم ڈالی،سیاست کو زہر آلود کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت نے صرف ایک ہی چیز سکھائی ہے کہ عوام کی خدمت کرتے رہنا، جس دن ان کو سزا ہوئی سٹاک مارکیٹ 1ہزار پوائنٹ اوپر گئی، ملکی معیشت،بزنس پر اس سزا کا مثبت اثر پڑا، تم جہاں مرضی اپیل کرو اس سزا کا تمہارے پاس جواب نہیں۔ پوری دنیا نے تمہارا اصل چہرہ دیکھ لیا،اب تم آوٹ ہوچکے،یہ ملک ترقی کرے گا اور عوام خوشحال ہوں گے۔