پاک بھارت کرکٹ کی بحالی سے اعتماد سازی کو فروغ ملے گا:صدرزرداری کا من موہن سنگھ کو خط
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی اے) صدر آصف علی زرداری نے بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کو خط لکھا ہے جس میں پانچ سال کے بعد پاک بھارت کرکٹ ٹیموں کے درمیان کرکٹ کی بحالی پرخوشی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریر کئے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ کی بحالی سے دونوں ممالک میں خوشگوار ماحول کے ساتھ اعتماد سازی کو بھی فروغ ملے گا۔ خط میں وزیراعظم منموہن سنگھ اور بھارتی عوام کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔ صدر زرداری نے اپنے دورئہ بھارت کے دوران پاک بھارت کرکٹ کی بحالی پر بھی بات چیت کی تھی۔ صدر زرداری کی جانب سے تحریرکیا جانے والاخط بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے بھجوایا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے بھارتی وزیر اعظم من موہن کو لکھے گئے خط میں امید ظاہر کی ہے کہ پاک بھارت کرکٹ کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی میں اضافہ اور عوامی سطح پر رابطے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔خط میں صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دو طرفہ مذاکرات کی بحالی کے بعد پیدا ہونے والے مثبت ماحول میں کرکٹ کی بحالی سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ صدر زرداری نے خط میں من موہن سنگھ کی صحت اور بھارتی عوام کی خوشحالی کےلئے نیک تمناﺅں کا اظہار بھی کیا۔ علاوہ ازیں ایوان صدر میں چائنہ الیکٹرک ایکویپمنٹ گروپ کے صدر جیایان گینگ کی سربراہی میں چین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی کا بحران ایک چیلنج ہے۔ توانائی کا یہ بحران شرح نمو اور ملکی معیشت کو بری طرح متاثر کررہا ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کے پاس توانائی کے مختلف ذرائع وافر مقدار میں ہیں۔ ملک کو درپیش توانائی کا یہ بحران قومی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع بھی فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سورج کی وافر روشنی اور قدرتی ہوا صاف اور وافر توانائی کے حصول کے بہترین ذرائع ہیں۔صدر زرداری نے اس موقع پر پاک چین تاریخی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتا ہے۔ خاص طور پر توانائی کے شعبے میں ان کی مدد ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں بڑی معاون ثابت ہوگی۔ اس موقع پر چائنا الیکٹرک گروپ کے سربراہ نے صدر کو پاکستان میں توانائی سیکٹر میں مستقبل کی سرمایہ کاری کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ حکومت نے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا تہیہ کر رکھا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بے مثال مراعات کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ صدر نے کہا کہ حکومت پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو اس کے تجارتی منصوبوں میں ہر طرح کی سہولت فراہم کرے گی۔ چائنہ الیکٹرک ایکویپمنٹ گروپ کے صدر جیا یان گینگ نے صدر کو سرکاری نجی شراکت کی بنیاد پر توانائی کے شعبہ میں اپنی کمپنی کے پاکستان میں اس کے مستقبل کے سرمایہ کاری کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ای ای جی ٹیکنالوجی، مصنوعات سازی، شمسی توانائی کے شعبے میں تربیت و تحقیق کیلئے تعاون کی بھی خواہاں ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں کمپنی کی جانب سے منصوبوں کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کو سولر اور دیگر پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا بڑا موقع ملے گا۔