ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے متوازن ٹیم تشکیل دی گئی،صلاح الدین
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کےلئے متوازن ٹیم تشکیل دی گئی ہے، امید ہے کہ کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے دوبارہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ بڑا ایونٹ ہوتا ہے اور ہر ٹیم ٹائٹل کےلئے سرتوڑ کوشش کرتی ہے اسلئے توقع کی جا رہی ہے کہ شائقین کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم با صلاحیت اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، اگر کھلاڑی متحد اور جذبے سے کھیلے تو جیت ہماری ہی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کےلئے ٹیم میں وہاب ریاض اور شاہ زیب حسن کو موقع ملنا چاہئے تھا تاہم سلیکٹرز نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے، نیک تمنائیں ٹیم کے ساتھ ہیں اور خواہش ہے کہ ٹیم ٹی ٹونٹی عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے۔