لاہور: سبزہ زار میں مبینہ پولیس مقابلہ ڈاکو ہلاک ساتھی فرار
لاہور (کرا ئم رپورٹر) سبزہ زار کے علاقہ لیاقت چوک کے قریب ہونے والے مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا دوسرا ساتھی وہاں سے فرار ہوگیا۔ پولیس مقابلے کی اطلاع ملنے پر اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے تمام حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد اس مبینہ مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکو کی نعش کو اپنے قبضے میں لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو دو ڈاکوﺅں نے نواب ٹاﺅن کے علاقے سے شعبان ریاض جو کہ بند روڈ شیزان فیکٹری کا رہائشی ہے اس کی موٹرسائیکل ایل ای پی 8860گن پوائنٹ پر چھیننے کے بعد لیاقت چوک ای بلاک سبزہ زار سے گزر رہے تھے کہ ناکہ پر موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔ جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کی زد میں آکر ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہاں سے فرار ہوگیا۔ پولیس حکام کے مطابق مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکو کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق یہ پولیس نے اس مبینہ مقابلے میں پہلے سے ہی زیر حراست ملزم کو ہلاک کیا ہے تاہم پولیس حکام نے اس امر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اس مقابلے کو اصلی قرار دیا ہے۔ سبزہ زار پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف پولیس مقابلے کا مقدمہ درج کرکے اس کی تفتیش شروع کردی ہے۔