رانا آصف کی دہری شہریت کیس میں الیکشن کمیشن وفاقی حکومت کو نوٹس جاری
لاہور (آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے رکن پنجاب اسمبلی رانا آصف دوہری شہریت کیس میں الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 جولائی کو جواب طلب کرلیا۔رکن پنجاب اسمبلی رانا آصف کو دوہری شہریت رکھنے پر نااہل قراردینے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس کی سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطاءبندیال کررہے ہیں۔ بدھ کے روز دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے راناآصف کے کینیڈین حلف نامے کی نقل عدالت میں پیش کی اور موقف اختیار کیا کہ رانا آصف کے پاس کینیڈین پاسپورٹ بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ کینیڈین شہریت رکھتے ہیں لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ رانا آصف کے وکیل کا کہنا تھا کہ رانا آصف کے پاس کینیڈین شہریت نہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ بظاہر لگتا ہے کہ رانا آصف کینیڈین شہری ہیں تاہم وہ اپنے اوپر عائد الزامات پر عدالت کو مطمئن کریں بصورت دیگر عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔ جس کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 جولائی کو جواب طلب کرلیا۔