جاپان پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کےلئے ہر ممکن تعاون کرےگا

جاپان پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کےلئے ہر ممکن تعاون کرےگا

  

راولپنڈی ( پ ر) جاپان پاکستان کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گا ،امن و امان کی صورتحال کے باعث جاپانی کاروباری برادری پاکستان میں سرمایہ کاری سے کترا رہی ہے جاپان توانائی سمیت مواصلات ،صحت اور تعلیم کے شعبے میں پاکستان کو مدد فراہم کر رہا ہے اور مستقبل میں باہمی تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ہرممکن قدم اُٹھایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں جاپان کے سفیر ہیروشی او ( Hiroshi Oe) نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر راولپنڈی چیمبرکے صدر جاوید اختر بھٹی،سینئر نائب صدر راجہ عامر اقبال، نائب صدر چوہدری اقبال احمد ،گروپ لیڈر نجم الحق ملک ،اراکین مجلس عاملہ اور دیگر ممبران بھی موجو د تھے۔ سفیر نے کہا کہ جاپان اپنی انڈسٹری کو دوسرے ممالک میں شفٹ کر رہا ہے جن میں چین، بنکاک،سنگاپور اور ہندوستان شامل ہیں ،بد قسمتی سے پاکستان میں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیشِ نظر جاپانی سرمایہ کار تحفظات کا شکار ہیں ،انہوں نے کہا کہ حقیقت میں امان و امان کی صورتحال اتنی خراب نہیں جتنی میڈیا پر پیش کی جاتی ہے انہوں نے صدر چیمبر کو ٹیکنیکل سپورٹ اور چیمبر کے پلیٹ فارم سے آسان ویزہ کی سہولت کی یقین دہانی کرائی اور دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے اپنی بھر پور مدد کا یقین دلایا ۔اس موقع پر اظہا رِ خیال کرتے ہوئے راولپنڈی چیمبر کے صدر جاوید اختر بھٹی نے کہا کہ جاپان پا کستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دے اور ٹیکنیکل مد دکے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی پاکستان ٹرانسفر کرے تا کہ ملک میں جدید مشینری کے استعمال کو عام کر کے ملک کو ترقی دی جا سکے انہوں نے کہا توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبہ میں جاپان کا تعاون مثالی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ جو کمپنیاں پاکستان میں غیر فعال ہو گئی ہیں انکو فعال کیا جائے اور ایسے اقدامات اُٹھائے جائیں جن سے دونوں ممالک کے مابین تجارت کو ترقی دی جا سکے۔ جاوید اختر بھٹی نے جاپانی بزنس کمیونٹی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کاروباری برادری کے براہ راست روابط دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مزید :

کامرس -