پاک ایران تجارت کے فروغ کیلئے بلوچستان میں نئی مارکیٹیں بنائیں گے
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بسم اﷲ خان کاکڑ نے کہاہے کہ پاک ایران دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے بلوچستان میں نئی مارکیٹیں بنائی جائیں گی ۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ایران میں تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں اور نئی مارکیٹوں کے قیام سے دوطرفہ تجارت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کوئٹہ کے راستے ایران کو پھل اور سبزیاں برآمد کرتا ہے اور ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایران سے درآمدات بھی کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی سفیر نے حال ہی میں کوئٹہ کی تاجر برادری سے ملاقات کے دوران یقین دہانی کرائی ہے کہ تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بسم اﷲ کاکڑ نے کہاکہ ایران پاکستان کو 100 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے جبکہ ایران ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی فراہمی پر رضامند ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ایران سے بجلی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالہ سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔