گزشتہ مالی سال 8.7 فیصد زائد رقبہ پر چاول کی فصل کاشت کی گئی

گزشتہ مالی سال 8.7 فیصد زائد رقبہ پر چاول کی فصل کاشت کی گئی

  

کراچی (اکنامک رپورٹر ) گزشتہ مالی سال کے دوران 8.7 فیصد زائد رقبہ پر چاول کی فصل کاشت کی گئی۔ مجموعی طور پر 25 لاکھ 71 ہزار ہیکٹر رقبہ پر چاول کی فصل کی کاشت کی گئی۔ نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی وزارت کے اعدادوشمارکے مطابق سال 2010-11ءکے دوران 23 لاکھ 65 ہزار ہیکٹر رقبہ پر چاول کاشت کیا گیا تھا۔ پاکستان میں چاول کی اوسط سالانہ پیداوار65 لاکھ ٹن ہے جس میں سے 25 لاکھ ٹن چاول مقامی طور پر استعمال کئے جاتے ہیں اور تقریباً40 لاکھ ٹن چاول دنیا بھرکے ممالک کو برآمد کئے جاتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال کے دوران تقریباً دو ارب ڈالر مالیت کے چاول برآمد کئے گئے تھے۔ پاکستان کا شمار چاول کے بڑے برآمد کنندگان میں ہوتا ہے۔ توقع ہے کہ رواں سیزن کے دوران چاول کی قومی پیداوار70 لاکھ ٹن ہوگی۔ چاول کاشت کرنے والے دوسر ے ممالک میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے چاول کے زیر کاشت رقبہ میں کمی ہونے سے بین الاقوامی منڈیوں میں چاول کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گذشتہ سال کے دوران بین الاقوامی منڈیوں میں باسمتی چاول کی قیمت 1300 ڈالر فی ٹن جبکہ اری 6 چاول کی قیمتیں500 ڈالر فی ٹن تک رہی تھیں۔ بین الاقوامی سطح پر چاول کے زیر کاشت رقبہ میں کمی کی وجہ سے رواں سال چاول کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

مزید :

کامرس -