موبائل فون صارفین کی تعداد 11کروڑ 98لاکھ 60ہزار تک پہنچ گئی
اسلام آباد(اے پی پی) ملک میں موبائل استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 11کروڑ 98لاکھ 60ہزار تک پہنچ گئی۔ گذشتہ مالی سال کے دوران ایک کروڑ 9لاکھ 66ہزار نئے کنکشن فروخت کئے گئے ۔ اس طرح جولائی 2011ءتا مئی 2012ءکے دوران ہر ماہ اوسطاً 9لاکھ 90ہزار نئے کنکشنز فروخت ہوئے ۔ پاکستان ٹیلی کیمونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک ملک کی مجموعی آبادی کے 68.60فیصد کے پاس موبائل فون کنکشن تھا۔ موبائل فون کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے اعداد وشمار کے مطابق ملک کے شہری اور دیہی علاقوں میں موبائل فون کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ مالی سال کے دوران سکولوں کے طلباءکی کثیر تعداد نے دوستوں کے ساتھ رابطہ اور تفریح کی غرض سے موبائل کنکشن حاصل کئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت موبی لنک 3کروڑ 60لاکھ 40ہزار صارفین کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ 2کروڑ 98لاکھ 90ہزار استعمال کنند گان کے ساتھ ٹیلی نار دوسری بڑی کمپنی ہے ۔ اسی طرح اس وقت ملک میں یو فون استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 2کروڑ 35لاکھ ہے جو تیسری بڑی کمپنی ہے جبکہ زونگ کے صارفین کی تعداد ایک کروڑ 37لاکھ ہے ۔ موبائل فون کے استعمال میں تیزی سے ہونے والے اضافہ کی وجہ سے شعبہ نے گذشتہ چند سالوں میں نمایاں ترقی کی ہے ۔