تحریک انصاف کامیاب ہوکر عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریگی ‘جمشید اقبال چیمہ

تحریک انصاف کامیاب ہوکر عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریگی ‘جمشید اقبال چیمہ

  

لاہور (شہزاد چودھری سے) حلقہ این اے 124 تحریک انصاف کا گڑھ اور عمران خان کے چاہنے والوں کا مرکز بن چکا ہے عوام پرانے چہروں سے بیزار اور تبدیلی کے شدید خواہشمند ہیں کیونکہ بار بار کے آزمائے ہوئے لیڈروں سے تنگ ہیں جنہوں نے جھوٹے وعدوں کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا تحریک انصاف آئندہ الیکشن میں کامیاب ہو کر عوام کی تمام محرومیوں کا ازالہ کریگی اور نوجوانوں کو ترقی کی اس راہ پر گامزن کریگی جس کے وہ متمنی ہیں ترقی و کامیابی کا روڈمیپ اگر کسی جماعت کے پاس ہے تو وہ پاکستان تحریک انصاف ہے اور قوموں کی ترقی کے لئے جووژن درکار ہوتا ہے اگر وہ کسی لیڈر کے پاس ہے تو وہ عمران خان ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور حلقہ این اے 124 سے تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے روزنامہ پاکستان کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں ایک مربوط اور منظم نظام اور اس پر سختی سے کار بند رہنے سے ترقی کرتی ہیں اس کے لئے ایسے افراد مطلوب ہوتے ہیں جو اہل بھی ہوں۔ دیانتدار بھی ہوں اور عصر حاضر کے تقاضوں کو سمجھتے ہوں۔ ان صلاحیتوں سے عاری حکمران ملک کا جو حال کر رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے پاکستان تحریک انصاف وہ جماعت ہے جو اہل اور دیانتدار افراد کو آگے لا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ہرگزرتے دن کے ساتھ ملک کا سنجیدہ اور باشعور طبقہ نا صرف تعلیم یافتہ بلکہ دیگر دنیا کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں وہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور حکمرانوں کے ہر قسم کے لولی پاپ کے باوجود وہ عمران خان کے ساتھ ہیں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے تمام لیڈران ،کارکنان اور محبان کا جینا مرنا سب کچھ پاکستان کے ساتھ ہے اور رہے گا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ہم ترقی کے لئے درکار صلاحیت اور اہلیت کے فروغ کے لئے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں انشاءاللہ ہمارے پاس ہر شعبے کے بہترین لوگ موجود ہیں کامیابی کے بعد تحریک انصاف ایک بہترین ٹیم تشکیل دے گی جو تماملکی معاملات کوصحیح سمت میں ترقی پر گامزن کریگی۔ قدرے دیہی آبادی پر مشتمل یہ حلقہ ہمیشہ سے لیڈروں کی چیرہ دستیوں کا شکار رہا ہے بڑے لیڈر آتے ہیں منتخب ہوتے ہیں اور سب بھول کر چلے جاتے ہیں کبھی پلٹ کر کسی نے عوام سے نہ رابطہ رکھا اور نہ ہی کبھی ان کے مسائل پر توجہ دی یہی وجہ ہے کہ آج حلقہ این اے 124 کے عوام اپنے سابقہ تمام لیڈران سے بدظن ہیں اور جوق در جوق تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی ،بلاول زرداری کا سہارا لے یا (ن) لیگ کسی اور کا عوام اب ان کے جھانسے میں نہیں آنے والے عوام اور نوجوان اب تبدیلی کے شدید ترین خواہشمند ہیں اور ایسی لیڈر شپ چاہتے ہیں جو ان کی اپنی ہو ان کے درمیان ہو اور انشاءاللہ پاکستان تحریک انصاف ہی وہ لیڈر شپ فراہم کر رہی ہے ،عوام اور خان کے نوجوان عمران خان کی قیادت میں تبدیلی کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ اب یہ قافلہ تھمے گا نہیں رکے گا نہیں اور عمران خان کی قیادت میں منزل کے حصول تک سفرجاری رکھے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -