کشمیر بارے اوباما کا بیان سراسر غیر حقیقت پسندانہ ہے‘ یوسف نقاش

کشمیر بارے اوباما کا بیان سراسر غیر حقیقت پسندانہ ہے‘ یوسف نقاش

  

سرینگر(اے پی پی )مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور اسلامک پولیٹیکل پارٹی جموں وکشمیر کے سرپرست محمد یوسف نقاش نے امریکی صدر بارک اوباما کے حالیہ بیان جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر دو طرفہ طور پر حل کرنا چاہیے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اوباما کا غیر حقیقت پسندانہ بیان کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ انہو ںنے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکہ اور تمام ممبر ممالک کے تعاون سے مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے کئی قراردادیں پاس کی ہیں۔ محمد یوسف نقاش نے کہا کہ عالمی ادارے کی قراردادوں میں مسئلہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تنازعے کے طور پر تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اوباما نے کشمیر کے بارے میں اپنا حالیہ بیان بھارتی حکومت کی خوشنودی اور اپنے معاشی مفادات کی آبیاری کے لیے دیا ہے۔ محمد یوسف نقاش نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک سلگتا ہوا لاوہ ہے جسے اگر حل نہ کیا گیا تو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے لہذا یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے آگے آئے۔

مزید :

عالمی منظر -