سرتاج عزیز اتوار کو کابل جائیں گے ، مقبوضہ کشمیر میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر تحفظات ہیں : دفترخارجہ
الطاف حسین اور عافیہ صدیقی کے بارے میں وزارت داخلہ بہتر جواب دے سکتی ہے: ترجمان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دفترخارجہ نے کہاہے کہ قومی سلامتی کے مشیر اتوار کو افغانستان کا دورہ کریں گے ، عافیہ صدیقی کی رہائی اور الطاف حسین کے بارے میں وزارت داخلہ بہتر جواب دے سکتی ہے تاہم مقبوضہ کشمیر میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر شدید تحفظا ت ہیں جبکہ بھات سے باضابطہ مذاکرات دوبارہ شروع کرناچاہتے ہیں ۔ دفترخارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران اعزاز چوہدری نے بتایاکہ اتوار کو قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز کابل کا دورہ کریں جس دوران وہ صدر حامد کرزئی کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دیں گے اور تجارت، دہشتگردی ، مفاہمتی عمل کے امورپر تبادلہ خیال کیاجائے گا ،نئی حکومت کے آنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلااعلیٰ سطحی رابطہ ہوگا ۔ترجمان کاکہناتھاکہ دوحہ مذاکرات سے قبل بھی مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے تھے ، اب بھی کرتے ہیں ، تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیاجاناچاہیے ۔دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایاکہ ڈرون حملوں کیخلاف موجودہ حکومت کا موقف واضح ہے ، پاکستانی پوزیشن پر دنیا بھر میں بحث شروع ہوچکی ،یہ حملے دہشتگردی کے خاتمے میں معاون ہونے کی بجائے عسکریت پسندی کو ہوادے رہے ہیں ۔ترجمان نے کہاکہ امریکہ سے قیدیوں کے تبادلے و عافیہ صدیقی کی رہائی کے بارے میں وزارت داخلہ بہتر بتاسکتی ہے ، وہ معاملے کو دیکھ رہی ہے ۔ترجمان کاکہناتھاکہ بھارت کیساتھ بیک ڈور ڈپلومیسی اعتماد سازی میں مدد گار ثابت ہوگی ، چاہتے ہیں کہ بھارت کیساتھ مذاکرات دوبارہ شروع ہوں ۔اُنہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر شدید تحفظات ہیں ، بھارت معاملے کی جلد تحقیقات کرکے ملزمان کو کٹہرے میں لائے ، ورماکے بیان سے متعلق بھی بھارت سے مزید معلومات کا انتظارکررہے ہیں ۔ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے متعلق ترجمان کاکہناتھاکہ وزارت داخلہ بہتر بتاسکتی ہے، ولیم ہیگ کی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے ملاقات بھی ہوئی ہے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایاکہ جمعرات کو وزیرعظم وزارت خارجہ کو دورہ نہیں کررہے ۔