تیسرا ون ڈے: بلے بازوں نے شاندار کارکردگی سے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

تیسرا ون ڈے: بلے بازوں نے شاندار کارکردگی سے نیا ریکارڈ قائم کر دیا
تیسرا ون ڈے: بلے بازوں نے شاندار کارکردگی سے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

  

کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی بلے بازوں نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ شعیب ملک اور محمد رضوان نے آخری کھیل کے آخری اوورز میں بالترتیب 42 اور 35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر سنگ میل عبور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق سال 2015ءمیں اوپنرز کی کارکردگی کے بعد مڈل آرڈر بلے باز بھی بہتری کی جانب گامزن ہیں جس کا مظاہرہ تیسرے ون ڈے میں بخوبی دیکھا جا سکتا ہے جہاں قومی ٹیم کے ابتدائی 6 بلے بازوں نے 35 اور اس سے زائد رنز بنانے کا نیا ریکاڈ قائم کیا ہے۔

اظہر علی کی قیادت میں قومی ٹیم کے ابتدائی6 بلے باز پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کسی ون ڈے میچ میں انفرادی طور پر 35 کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان نے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو احمد شہزاد نے 44، کپتان اظہر علی 49، محمد حفیظ 54 اور سرفراز احمد نے 77 رنز بنائے جبکہ شعیب ملک نے 42 اور محمد رضوان نے 35رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ساتھ ہی پاکستان کیلئے نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

واضح رہے کہ 2015ءکے اعداد و شمار کے مطابق قومی ٹیم کے اوپنرز 2015ءکے آغاز سے اب تک 1000 سے زائد رنز بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں جن میں متعدد سنچریاں اور نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق بلے بازوں کی حالیہ کارکردگی اور تازہ اعداد و شمار ٹیم کی مجموعی کارکردگی کیلئے انتہائی خوش آئند ہیں اور اگر کھلاڑیوں نے ایسی ہی کارکردگی جاری رکھی تو قومی ٹیم جلد ہی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گی۔

مزید : کھیل