دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے ،کوئی ملک اسے تنہا حل نہیں کر سکتا :شہبازشریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل اورلاہورمیں تعینات امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصاً توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی نوعیت کے تعلقات موجود ہیں ۔توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں پاک امریکہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگااوران میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے اور کوئی قوم یا ملک اسے تنہا حل نہیں کرسکتا۔دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لئے اقوام عالم کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتوں کو دہشت گردی کے شکار ممالک کے مسائل کو سمجھنا چاہیے۔پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ قائداعظمؒ کے پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ امریکی سفیر اورقونصل جنرل نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں ترقیاتی کاموں کی تیزی سے تکمیل کو سراہااور پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اوربھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر تحسین کا اظہار کیا۔اس موقع پر دیگر امریکی سفارتی حکام کے علاوہ وزیر مملکت برائے امور خارجہ طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیاگیا ہے ۔عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے مخالف عناصر کے دھرنوں کے باعث توانائی منصوبوں میں تاخیر ہوئی۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت پاکستان بھر میں توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔1320 میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ مقررہ مدت سے کہیں پہلے مکمل کر لیا جائے گا ۔ اس منصوبے سے اگلے برس کے اوائل میں بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوجائے گا۔1320 میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ عمومی طور پر چار سے پانچ سال میں مکمل ہوتے ہیں ۔وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں وفاقی ، پنجاب حکومت اور متعلقہ ادارے توانائی منصوبوں کی جلدسے جلد تکمیل کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں ۔ وہ آج ویڈیو لنک کے ذریعے ایک اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ملک کو مسائل سے نکالنے اور عوام کی تکالیف دور کرنے پر کوئی توجہ نہ دی بلکہ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی وسائل کی لوٹ مار کے ذریعے صرف اپنی جیبیں بھری گئیں۔ سابق حکمران بجلی بحران کے مسئلے سے نمٹنے پر توجہ دیتے توملک اندھیروں میں نہ ڈوبا ہوتا ۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں سمیت توانائی پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری انڈسٹریز ، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث ممکنہ سیلاب کے حوالے سے تمام احتیاطی انتظامات پرعملدر آمد یقینی بنایا جائے۔ دریاؤں،ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ پر 24گھنٹے نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے فلڈ محکمہ موسمیات سے باقاعدہ موسم کی صورتحال کے حوالے سے رابطے میں رہے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طورپروضع کردہ پلان کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں ۔متعلقہ صوبائی ووفاقی ادارے موثر رابطے سے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے مابین موثر رابطہ میں فقدان کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ کھانے پینے کے ساتھ تمام ضروری اشیاء کا وافر سٹاک موجود ہونا چاہیئے۔ ممکنہ سیلاب کے حوالے سے احتیاطی انتظامات کی خود نگرانی کروں گا۔