بھارت کشمیریوں سے آزادی کا حق نہیں چھین سکتا،پروفیسر عبدالستار حامد

بھارت کشمیریوں سے آزادی کا حق نہیں چھین سکتا،پروفیسر عبدالستار حامد

لاہور(پ ر) آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی اسے کسی صورت ان سے نہیں چھین سکتی۔ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی بے حسی لمحہ فکریہ اور مسلم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے امیر پروفیسر حافظ عبدالستار حامد، میاں محمود عباس ناظم اعلیٰ پنجاب، پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفور راشد کوارڈینیٹر وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبائی دفتر 106راوی روڈ میں مظفر آباد آزاد کشمیر کے جماعتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ حکومت کشمیر کاز کو اولین ترجیح دے۔ یوم سیاہ مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر مرہم کا کام دے گا۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ ہے بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ دریں اثناء مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے ناظم اعلیٰ میاں محمود عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم سیاہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور حق خود ارادیت کے حصول کی خاطر کی جانیوالی ہر جدوجہد کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکی میں فوجی آمریت کے خلاف اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے ترک عوام کا کارنامہ تاریخی اور قابل فخر ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1