بنگلہ دیش ،متنازعہ ٹربیونل نے 3افراد لو سزائے موت ،5کو تادم مرگ قید کی سزا سنا دی

بنگلہ دیش ،متنازعہ ٹربیونل نے 3افراد لو سزائے موت ،5کو تادم مرگ قید کی سزا ...

ڈھاکہ( اے این این ) بنگلہ دیش کے جنگی جرائم کے متنازعہ ٹریبونل نے متحدہ پاکستان کے حامی مزید تین افراد کو سزائے موت جبکہ پانچ کو قید تادم مرگ کی سزا سنا دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پیر کوجسٹس انوار الحق کی سربراہی میں تین رکنی ٹریبونل نے آٹھ افراد کے خلاف1971ء میں پاکستان سے علیحدگی کی جنگ کے دوران قتل عام، اغواء، تشدد اور لوٹ مار جیسے مبینہ جرائم سے متعلق مقدمات پر فیصلہ سنایا جس میں تین افراد کو سزائے موت سنائی گئی جبکہ پانچ افراد کو قید تادم مرگ کی سزا سنائی گئی ہے۔ استغاثہ کے وکلاء کے مطابق سزا پانے والے چھ افراد کا تعلق البدر ملیشیاء سے تھا جبکہ دیگر دو افرادرضا کار فورس سے تعلق رکھتے تھے ۔ سزا سنائے جانے کے وقت دو افراد عدالت میں موجود تھے جبکہ چھ کی عدم موجودگی میں سزا سنائی گئی۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں جنگی جرائم کے متنازعہ ٹریبونل کی جانب سے مبینہ جنگی جرائم پر اب تک متعدد افرادکو سزائے موت سنائی جاچکی ہے جن میں زیادہ تر جماعت اسلامی کے رہنما شامل ہیں۔

مزید : علاقائی