عدالت خان ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہینگے ،محمد علی شاہ باچا

عدالت خان ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہینگے ،محمد علی شاہ باچا

بریکوٹ ( نمائندہ پاکستان ) شہید عدالت خان کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی ‘ ملاکنڈ ڈویژن بھر سے ہزاروں لوگوں کی شرکت ‘ علاقے کے سیاسی وسماجی شخصیات نے شہید عدالت خان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کی ‘ شہید مرتے نہیں بلکہ وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں ‘ عدالت خان ایک نڈر ، خوددار اور اپنے علاقے سے محبت کرنے والے انسان تھے ‘ انہوں نے ہمیشہ اپنے علاقے کی ترقی او خوشحالی کے لئے ہر فورم پر اواز اٹھائی تھی ‘ آخری دم تک لڑتے لڑتے اس مشن میں شہید ہوگئے ‘ اس کے جدائی ہم سے برداشت نہیں ہورہی لیکن ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اسکا مشن جاری رکھیں گے ‘ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام ، عدالت خان شہید کے بھائی و سابقہ ناظم یوسی شموزئی تلاوت خان ، قیموس خان اور دیگر نے عدالت خان شہید کے برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ‘ اس مو قع پر تمام سیاسی پارٹیوں کے مقامی عہدیدار اور کارکنان بھی موجو د تھے جبکہ ناظم اعلیٰ ضلع سوات محمد علی شاہ باچا نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ‘ شہید عدالت خان گزشتہ سال 2جولائی کو نامعلوم شدت پسندوں نے گولی مار کر شہید کیا تھا ‘ برسی کی تقریب ان کے رہائش گا ہ شموزئی میں منعقد کی گئی تھی ‘ جس میں ملاکنڈ ڈویژن بھر سے تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے سیاسی وسماجی ، سرکاری اور عام لوگوں نے ہزاروں کے تعداد میں شرکت کی ‘ مقررین نے کہا کہ عدالت خان ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیگا کیونکہ اس نے ہمیشہ حق کی جنگ لڑی اور ہمارے حقوق کی جنگ لڑتے لڑتے اخر کار اسی راستے میں شہید ہوگئے ‘ وہ ایک نڈر اور بے باک ، نہ جھنکنے والے سیاسی کارکن تھے ‘ اس کے ہاتھ میں جب بھی کوئی کام آیا تھا اس نے علاقے کی ترقی او ر خوشحالی میں دیر نہیں لگائی اس نے بغیر کسی لالچ کے علاقے کی خدمت کی ‘ ہم آج یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم شہید کے اس مشن کو جاری رکھتے ہوئے پورے ضلع سوات اور تحصیل بریکوٹ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے ‘ اس موقع پر شہید کی مغفرت کے لئے دعا بھی کی گئی ا ور پورے پنڈال میں اس کے یاد میں 2منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر