ہلمند میں نیٹو بمباری سے ہلاک ہونیوالے 30 افراد میں 4 پاکستانی بھی شامل
ہلمند (آن لائن) افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں نیٹو کے فضائی حملے کے نتیجے میں مرنیوالے 30 افراد میں چار پاکستانی بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیٹو طیاروں نے جمعہ 15 جولائی کی رات ڈرگ سمگلرز کے ایک قافلے کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ پاک افغان بارڈر کے قریب بند تیمور کے صحرا کو عبور کررہے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ ڈرگ سمگلرز بلوچستان کے ضلع چاغی کے ذریعے ایران میں داخل ہونے کا ارادہ رکھتے تھے۔چاغی کے ڈپٹی کمشنر قادر پرکانی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کی فضائی کارروائیوں میں 4 پاکستانی بھی ہلاک ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حملے میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کی نعشیں مسخ شدہ ہونے کی وجہ سے ان کی شناخت کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔