تقسیم کار کمپنیوں میں لیسکو وزارت کو سبسڈی دینے والی پہلی کمپنی بن گئی

تقسیم کار کمپنیوں میں لیسکو وزارت کو سبسڈی دینے والی پہلی کمپنی بن گئی
تقسیم کار کمپنیوں میں لیسکو وزارت کو سبسڈی دینے والی پہلی کمپنی بن گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) ملک کی تمام تقسیم کار کمپنیوں میں لیسکو وزارت پانی و بجلی کو سبسڈی دینے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔ وزارت پانی و بجلی کو لیسکو جون کے ماہ میں ایک ارب 80 کروڑ روپے سبسڈی کی رقم فراہم کریگی۔

روزنامہ نوائے وقت کے مطابق لیسکو نے گزشتہ برس جون 2015ءکے مقابلے میں رواں برس جون 2016ء بلنگ کی مد میں 112 فیصد ریکارڈ ریکوری کی۔ لیسکو کی بہتر مینجمٹ کے باعث وفاق کے متعدد ڈایفالٹرز سے 100 فیصد بلنگ کی رقم وصول کرلی گئی۔ عرصہ دراز سے ڈیفالٹر ریلوے نے بھی مکمل رقم جمع کروا دی۔ پنجاب کے سرکاری محکموں سے 2 ارب 67 کروڑ روپے کی رقم وصول کی گئی۔ رمضان المبارک اور اسکے بعد سے لیسکو کے 132 کے وی گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائنوں پر کوئی بھی ٹرپنگ ریکارڈ نہ کی گئی جو سسٹم کی بہتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صارفین کے خراب ٹرانسفارمرز 4 گھنٹوں کے اندر تبدیل نہ کرنے والے ایکسین، ایس ڈی اوز کی لیسکو میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسرچودھری قیصر زمان نے ایک نشست میں بتایا کہ وزارت پانی و بجلی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو سبسڈی کی مد میں اربوں روپے فراہم کرتی ہے مگر الحمد اللہ لیسکو کے پاس یہ اعزاز ہے اور وہ ملک کی پہلی کمپنی ہے جو وہ وزارت پانی و بجلی کو ہر ماہ سبسڈی کی مد میں بھاری رقم فراہم کرتی ہے۔ رواں ماہ وزارت کو 1.85 بلین روپے کی رقم فراہم کی جارہی ہے۔ لیسکو افسران اور ملازمین کے بہتر روئیے کی وجہ سے تمام سرکاری محکموں سے ریکوری 100 فیصد رہی ہے۔ رواں ماہ جون 2016ء کی بلنگ 22 ارب 36 کروڑ روپے کے مقابلے میں ریکوری 25 ارب 30 لاکھ روپے رہی۔ اس طرح مجموعی طور پر ریکوری کی شرح 112 فیصد رہی ہے جبکہ جون 2015ء میں ریکوری کا تناسب93 فیصد تھا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ریلوے کا محکمہ کئی برسوں سے لیسکو کا ڈیفالٹر چلا آرہا تھا، رواں ماہ ریلوے سے 100 فیصد ریکوری رہی ہے۔ تمام سرکاری محکموں سے 100 فیصد ریکوری کررہے ہیں۔ لیسکو کے سٹورز میں ٹرانسفارمرز کی قلت نہیں ہے۔ مختلف استعدادی صلاحیت کے 450 سے زائد ٹرانسفامرز موجود ہیںہم نے 500 سے زائد ٹرالی ٹرانسفارمرز تمام سب ڈویڑنز کو فراہم کئے ہیں۔ اگر کسی سب ڈویڑنز میں خراب ٹرانسفامرز کو بروقت ٹھیک نہ کیا گیا اور صارفین کی جانب سے شکایت یا مظاہرہ کیا گیا توایکسین، ایس ڈی اوز کو شوکازکر دیا جائے گا۔خراب ٹرانسفامرز کی شکایات لیسکو ہیڈ آفس میں براہ راست بھی دی جاسکتی ہیں۔

مزید :

لاہور -