امریکا میں سیکیورٹی فورسز غیر محفوظ اور قوم تقسیم ہور ہی ہے: صدر اوباما
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ ملک میں پولیس اہلکاروں کی ہلاکتیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ہماری سیکیورٹی فورسز غیر محفوظ اور قوم تقسیم ہو رہی ہے۔ امریکی ریاست لوزیانا کے شہر بیٹون روج میں 3 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد سرکاری ٹی وی پروائٹ ہاﺅس سے قوم سے خطاب اور مرنے والے اہلکاروں کی میموریل سروس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ملک میں آئے روز پولیس اہلکاروں کے قتل سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ عام آدمی کے علاوہ اب ملک میں فورسز بھی غیر محفوظ ہیں اور امریکی قوم تقسیم ہو رہی ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں اپنے قانون نافذ کرنے والے بہادر جوانوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ان کی حمایت بھی کرنا ہو گی۔
انکا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکار عوام کی خدمت اور حفاظت پر مامور ہوتے ہیں ، اس لئے ان پر تشدد کا کوئی جواز نہیں بنتا، تمام رہنماﺅں اور امریکا میں بسنے والی ہر قوم کو تقسیم ہونے کے بجائے متحد رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو نہایت بزدلانہ انداز میں نشانہ بنایا گیا، یہ حملہ قانون کی عملداری اور مہذب معاشرے پر حملہ ہے جسے ہر حال میں روکنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اور امریکی حکومت متعلقہ حکام کو اس حوالے سے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہیں، اس سلسلے میں کوئی غلطی نہ کی جائے اور انصاف ضرور ہو گا۔ مرنے والے پولیس اہلکار امریکی اور ہمارے معاشرے کا حصہ تھے ، یہ وہ تھے جن کی ہمیں ضرورت تھی۔ براک اوباما نے کہا کہ ذمہ داروں کو سزا دلانے کیلئے ہم سب کو اپنی بھرپور کوششیں کرنا ہونگی ۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے لوزیانا میں فائرنگ سے تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام انتشار کا شکا نہ ہوں جبکہ سیاسی مہم کے دوران تشدد کے حالیہ واقعات پر متنازع بیان بازی سے گریز کیا جائے۔
ہمارے اندر مختلف طبقے ہیں جو نئے نہیں، ہر کسی کو اپنے الفاظ اور عمل کو ایسا بنانا چاہیے جس سے امریکہ اور امریکی قوم تقسیم ہونے کی بجائے متحد ہو۔ براک اوباما نے صدارتی امیدواروں اور ان کے حامیوں پر زور دیا کہ وہ ایسے ”لاپرواہ الزامات “ سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محرکات سے قطع نظر تین بہادر پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اس خطرے کی جانب توجہ مبذول کراتی ہے جس کا سامنا اہلکار روزانہ کرتے ہیں، ایک قوم ہونے کے ناطے ہمیں اس حوالے سے واضح ہونا چاہیے کہ قانون نافذ کرنے والوں اداروں کیخلاف تشدد کا کوئی جواز نہیں ۔