انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا
انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا

  

اولڈ ٹریفورڈ: انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں جیمز اینڈریسن، بین سٹوک اور لیگ سپنر عادل رشید کو بھی  شامل کیا گیا ہے۔کھیلوں کی ویب سائٹ (کرک انفو) کے مطابق انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں جیمز اینڈریسن، بین سٹوک انجری میں ریکوری کے بعد سکواڈ میں شامل ہوئے ہیں جب کہ دونوں کھلاڑی کاؤنٹی کرکٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہوئے انجرڈ ہوگئے تھے۔پہلے میچ میں پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ کی کامیابی کے بعد انگلینڈ نے بھی دوسرے ٹیسٹ کے لیے لیگ سپنر عادل رشید کو سکواڈ میں شامل کیا ہے جب کہ معین علی کی موجودگی میں انگلینڈ 2 اسپنرز کے ساتھ دوسرے ٹیسٹ میں اترے گی تاہم پہلے ٹیسٹ میں معین علی کی خراب کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ڈراپ بھی کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب انگلش کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس صرف ایک لیفٹ ہینڈ بیٹسمین ہے اس لیے ہمیں ایک ایسے سپنر کی ضرورت ہے جو لیگ سائڈ سے بیٹسمینوں کی مشکلات میں اضافہ کرے اس لیے لیگ سپنر کو شامل کرنے کا فیصلہ اچھا ثابت ہوگا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 22 جولائی سے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا جب کہ انگلینڈ کے 14 رکنی اسکواڈ میں کپتان السٹر کک، الیکس ہیلز، جوئے روٹ، جیمز وینس، گرے بیلینس، جونی بیرسٹو، معین علی، کرس ووکس، اسٹورٹ براڈ، اسٹوین فن، جیک بال، جیمز اینڈریسن، بین سٹوک اور عادل رشید پر مشتمل ہے۔

واضح رہے پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو لارڈز میں 20 سال بعد تاریخی شکست سے دوچار کیا تھا جس کے بعد قومی ٹیم کو 4 ٹیسٹ میں 0-1 سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔

مزید : کھیل