قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی کا انگلینڈ پلٹ چچا لٹ گیا،85لاکھ روپے کے فراڈ کی ملزمہ ضمانت کے لئے ہائی کورٹ پہنچ گئی
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی شفقت رسول کے انگلینڈ پلٹ چچا سے 85 لاکھ روپے کے فراڈ کی ملزمہ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس سے جواب طلب کرلیا ہے۔مسٹر جسٹس سردار شمیم احمد خان کی عدالت میں گزشتہ روزدرخواست گزار خاتون روبینہ بی بی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اس پر لگائے الزامات جھوٹے ہیں،شامل تفتیش ہونا چاہتی ہوں ضمانت منظور کی جائے۔قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی شفقت رسول کے انگلینڈ پلٹ چچا خوشی محمد کے وکیل رضوان ذکائگل نے موقف اختیار کیا کہ روبینہ بی بی اور اس کے خاوند شہزاد نے کاروبار کا جھانسہ دے کر 84 لاکھ روپے کا فراڈ کیا جس کا مقدمہ تھانہ پیر محل میں درج ہے اور پولیس کارروائی کررہی ہے،فراڈمیں ملوث خاتون کی ضمانت منظور نہ کی جائے۔عدالت نے پولیس سے آئندہ ہفتے ریکارڈ طلب کرلیاہے۔