راولپنڈی پولیس نے آزاد کشمیر انتخابات کے لئے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی،فوج اور رینجرز بھی موجود رہے گی

راولپنڈی پولیس نے آزاد کشمیر انتخابات کے لئے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل ...
راولپنڈی پولیس نے آزاد کشمیر انتخابات کے لئے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی،فوج اور رینجرز بھی موجود رہے گی

  

راولپنڈی (نیوز ڈیسک)راولپنڈی پولیس نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ہونے والے انتخابات کے لئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ، پولنگ کے دوران امن و امان یقینی بنانے کے لئے پاک فوج اور رینجرز کی کمپنیاں بھی موجود رہیں گی جبکہ پولنگ کے دوران یا نتائج کے اعلان کے بعد اسلحہ کی نمائش، فائرنگ، آتش بازی اور جلوس و ریلیوں پرمکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کئے جائیں گے، اس مقصد کے لئے ضلع بھر کے 101پولنگ اسٹیشنوں کیلئے 1500پولیس افسران و ملازمین کے علاوہ پولیس قومی رضا کار ان اور پولیس کی اضافی نفری کے علاوہ پنجاب کانسٹیبلری ،محافظ اسکوارڈ ،ایلیٹ فورس ،سپیشل برانچ اور لیڈیز پولیس بھی تعینات کی جائے گی۔

ضلعی پولیس کے ترجمان کے مطابق انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے آرمی اور رینجرزکی کمپنیاں بھی موجود رہیں گی اس ضمن میں پولنگ سٹیشنوں کو ان کی حساسیت کے مطابق 3مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں اے کیٹیگری کے23،بی کیٹیگری کے 17 اورسی کیٹیگری کے 61پولنگ اسٹیشن شامل ہیں،اسی طرح ضلع راولپنڈی کو3زونز میں تقسیم کرکے 11سیکٹر اور24سب سیکٹر بنائے گئے ہیں ،ہر سیکٹر اورسب سیکٹر میں امن وامان قائم رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موبائل گشت اورموٹر سائیکل گشت کو یقینی بنایا جائے گا ۔شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پکٹس لگائی جائیں گی پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کرائی جائے گی۔ پولنگ اسٹیشن پر داخل ہوتے وقت ووٹرز کی مکمل باڈی سرچنگ کی جائے گی، ضعیف افراد اور خواتین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کی بھی سختی سے پابندی کرائی جائے گی ۔

مزید : راولپنڈی