امن و برداشت و رواداری کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اجمل چیمہ

  امن و برداشت و رواداری کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اجمل چیمہ

  



لاہور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب محمد اجمل چیمہ نے کہا ہے کہ امن و برداشت و رواداری کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے علمائے کرام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سنٹر فار پیس اینڈ سیکولر سٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ ”مذہبی ہم آہنگی اور معاشرتی ضرورت“ کے عنوان کے تحت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کچھ عناصر ہماری کم علمی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ہمیں اسلامی تعلیمات سے دور کر رہے ہیں۔ اجمل چیمہ نے کہا کہ فرقہ واریت کے اس دور میں امن اور ہم آہنگی کی بات کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء کیلئے ضروری ہے کی ملک کو انتہا پسندی پھیلانے والے عناصر سے پاک کیا جائے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مثبت معاشرے کے قیام کیلئے ضروری ہے کہ زبان، رنگ، مذہب اور فرقے کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا خاتمہ کیا جائے۔ اجمل چیمہ نے کہا کہ اس ضمن میں سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال انتہائی ضروری ہے۔ پاکستان کے خلاف عالمی سازشیں ہو رہیں ہم سب کو چاہئیے کہ متحد ہو جائیں۔سمینار میں مرکزی جنرل سیکرٹری امن کمیٹی پاکستان سید محمود غزنوی، علامہ راغب نعیمی، علامہ غلام عباس شیرازی اور شکیل الرحمان ناصر سمیت دیگر مسالک کے علمائے کرام اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1