آڑھتیوں کی لائسنس فیس میں اضافہ ظلم کے مترادف ہے،چودھری اعجاز
لاہور(جنرل رپورٹر)انجمن آڑھتیاں مرکزی سبزی منڈی بادامی باغ لاہور کے صدر اور آل پاکستان انجمن تاجران لاہور کے شریک چیئرمین محمد اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے آڑھتیوں کے لائسنس کی فیسوں میں سینکڑوں فیصد اضافہ ظلم ہے،ہم ٹیکس دینا چاہتے ہیں لیکن ودہولڈنگ کی مد میں کیا جانے والا سینکڑوں فیصد اضافہ بھی ناقابل قبول ہے۔
،انہوں نے مزید کہا کہ ہر طرف ہڑتالوں اور احتجاجوں کا دور دورہ ہے اگر ہم نے احتجاج کرکے ہڑتال کر دی تو لاہور سمیت پورے پاکستان غذائی قلت پیدا ہو جائے گی جو کہ ہم نہیں چاہتے ہیں،ہماری درخواست ہے کہ آڑھتیوں کی سابقہ فیس 1500اور ود ہولڈنگ ٹیکس 7500روپے ہی رہنے دیا جائے اس میں اے بی سی کیٹیگری بنا کر ہزاروں روپے کا اضافہ کر دینا ناقبل قبول ہے حکومت ہم سے ٹیبل ٹاک کرکے ہمارے مسائل کو حل کرے۔