حکومت غریب مکاؤ پالیسی پر ضرور گامزن ہے، اشرف بھٹی
لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے پہلے ملک سے غربت کے خاتمہ کانعرہ لگایا تھا مگر غربت تو ختم نہیں ہوسکی البتہ حکومت غریب مکاؤ پالیسی پر ضرور گامزن ہے مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتاجا رہا ہے۔
پڑھے لکھے نوجوان جرائم کی دلدل میں دھنستے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی،بیروزگاری،غربت،کرپشن،دہشتگردی اور دیگر بہت سارے مسائل نے عوام کی مشکلات اور پریشانیوں میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے غربت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے لوگوں کے پاس بنیادی سہولیات اور کھانے کودووقت کی روٹی میسر نہیں جبکہ حکمرانوں کی جانب سے آئے روزغربت کے خاتمے کے خوشنمااعلان ہوتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتساب کا نظام عملاً صرف اپوزیشن کے خلاف جاری ہے حکومت میں سامل ہونے والوں کو کھلی چھٹی ہے کہ وہ جو مرضی چاہیں کرتے پھریں جب تک حکومت میں شامل کرپٹ لوگوں کے خلاف بھی کاروائی نہیں کی جائے گی تب تک ترقی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا پانامہ لیکس میں بے نقاب ہونے والے 436 کرپٹ افراد کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کی جا رہی؟ یہ وہ سوالات ہیں جو آجکل ہر ایک کی زبان پر ہیں حکومت اپنی صفوں میں بیٹھے کرپٹ لوگوں کو نیب میں کیوں پیش نہیں کرتی۔