نوجوانوں کو سینئرز کے تجربات سے مستفید کرنا ہوگا‘ جسٹس سردار احمد نعیم 

نوجوانوں کو سینئرز کے تجربات سے مستفید کرنا ہوگا‘ جسٹس سردار احمد نعیم 

  



 ملتان (خبر نگارخصو صی) ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جسٹس سردار احمد نعیم نے کہا ہے کہ انہیں پڑھنے سے زیادہ سیکھنے کا شوق ہے کیونکہ انٹرنیٹ سے بھی وہ چیز نہیں ملتی ہے جو سینئرز کے پاس بیٹھنے سے سیکھتے ہیں جبکہ نوجوان وکلاء  کے لئے کچھ نہیں کیا گیا ہے اس لئے ان کے لئے کچھ کرنے کی (بقیہ نمبر58صفحہ12پر)

ضرورت ہے اور ان نوجوانوں کو سینئرز کے تجربات اور علم سے مستفید کرنا ہو گا کیونکہ ہم ان نوجوانوں کی وہ رہنمائی نہیں کر رہے ہیں جو کرنی چاہیے تھی جبکہ نوجوان وکلاء کو سیکھنے کی ہر وقت کوشش کرنی چاہیئے کیونکہ محنت کبھی بھی ضائع نہیں ہوتی ہے اور اس کا اجر کبھی نہ کبھی ضرور ملتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملتان اولیاء  اللہ کی زمین ہے اور یہاں سے ہر کوئی فیوض و برکات حاصل کر کے ہی جاتا ہے اور ملتان میں داخل ہوتے ہی ایک عجیب کیفیت طاری ہو جاتی ہے جس کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی زبان بہت اچھی لگتی اس لئے اس کو سیکھنے کی تگ و دو میں لگے ہوئے ہیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد کتاب لکھنے کا ارادہ ہے جس میں ملتان، مظفرگڑھ اور میانوالی پر بھی ایک مضمون ہو گا جبکہ سرائیکی زبان کو سیکھنے کے لئے علی پور کے ایک شاعر کی کیسٹ سنتے تھے اور اب ملتان میں ٹی وی پر کرکٹ میچ کے ساتھ سرائیکی ڈرامہ دیکھتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان سہیل اکرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے وکلاء  کے ساتھ مل کر انصاف کی بہترین فراہمی کے لئے کام کیا جا رہا ہے اور یہ تعاون جاری رہے گا۔ جج بنکنگ عدالت ملتان صفدر سلیم شاہد اور جج لیبر عدالت ملتان طارق محمود باجوہ نے تقریب منعقد کرنے پر بار کا شکریہ ادا کیا۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ملتان محمد ناظم خان نے کہا کہ ملتان کے وکلاء کو عدلیہ میں مناسب نمائندگی حاصل نہیں ہے اس لئے ملتان کے وکلاء  کو نئی تعیناتیوں میں مناسب نمائندگی دی جائے اور ملتان کے وکلاء  کے کچہری توسیع و تعمیر سمیت دیگر مسائل بھی فوری حل کئے جائیں۔ تقریب میں نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری افضل بشیر انصاری نے سرانجام دئیے جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور قیصر نزیر بٹ، سینئر ایڈیشنل رجسٹرار ہائیکورٹ ملتان بینچ شیخ محمد اکرم اور جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار ملتان ارشد وقاص چھجڑا   کے علاوہ ضلعی عدلیہ کے ججز، لاء  افسران اور وکلاء  کی کثیر تعداد نے شرکت کی ہے۔

سردار احمد نعیم 

مزید : ملتان صفحہ آخر


loading...