ایشیائی ترقیاتی بینک پراجیکٹ فنانسنگ شعبوں میں امداد اور تعاون کو مزید بڑھائے،حماد اظہر
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور محمد حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کو پاکستان میں پروگرام اور پراجیکٹ فنانسنگ کے شعبوں میں امداد اور تعاون میں اضافہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت اختراعی مالیاتی ماڈلز اور بنیادی ڈھانچہ و سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے سنجیدہ نوعیت کے اقدامات کر رہی ہے، ان اقدامات کے نتیجہ میں نہ صرف مالیاتی دباؤ میں کمی آئے گی بلکہ ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر جیاؤ ہونگ یانگ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر کا منصب سنبھالنے پر حماد اظہر کو مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون اور حمایت کا اعتراف کیا اور مستقبل میں مختلف شعبوں میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کے شعبوں پر بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت اختراعی مالیاتی ماڈلز اور بنیادی ڈھانچہ و سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے سنجیدہ نوعیت کے اقدامات کر رہی ہے، ان اقدامات کے نتیجہ میں نہ صرف مالیاتی دباؤ میں کمی آئے گی بلکہ ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔ عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان نے ماضی میں کئی چیلنجوں پر مل کر قابو پایا ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت نے جن شعبوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا اور نشاندہی کی ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک ان شعبوں میں پاکستان کے ساتھ حمایت و تعاون کرے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر کو پاکستان میں جاری اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔انہوں نے وفاقی وزیر کو بینک کے پروگرام لینڈنگ اور سپیشل پالیسی، قرضہ جات بشمول تجارت و مسابقتی پروگرام، توانائی کے شعبہ کے پروگرام، کیپٹل مارکیٹ اصلاحات پروگرام پر بریفنگ دی۔
حماد اظہر