عباسی کی گرفتاری پر شہباز کا واویلا قوم کو گمراہ نہیں کر سکتا، فیاض چوہان

  عباسی کی گرفتاری پر شہباز کا واویلا قوم کو گمراہ نہیں کر سکتا، فیاض چوہان

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر شہباز شریف کا واویلا قوم کو گمراہ نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانے کا جو وعدہ قوم سے کیا ہے، شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ گزشتہ سالوں میں آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن نے لوٹ مار اور کرپشن کے جس درخت کو پروان چڑھایا اس کو جڑ سے اکھاڑنے کا وقت قریب آن پہنچا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کے ٹھیکوں میں آلِ شریف کے فرنٹ مین کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے سرکاری ٹھیکوں کے لین دین کے معاملات میں غبن کر کے کروڑوں ڈالر کک بیکس اور کمیشن کی مد میں کمایا اور اپنے اکاؤنٹ بھرے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی طرف سے اپنے دور میں اسپتالوں میں اعلیٰ طبی سہولیات کی تعریف جچتی نہیں۔ اگر شریف دور میں صحت کے شعبے میں خاطر خواہ کام ہوا ہوتا تو سارا خاندان اپنی کھانسی تک کا علاج لندن سے نہ کرواتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی کرپشن کا وہ طوطا ہے جسمیں کرپشن کے جنوں نواز شریف اور شہباز شریف برادران کی جان تھی۔ انہوں نے عوام الناس کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عوام حوصلہ رکھے، کرپشن کا خاتمہ قریب ہے۔

فیاض چوہان

مزید : صفحہ آخر


loading...